Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
06 Rajab 1446  

کشمیر کی صورتحال پر برطانوی وفد کا اظہار تشویش

شائع 26 اگست 2019 02:41pm

mpimageee

برطانوی پارلیمانی وفد نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا یک طرفہ اقدام واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ برطانیہ ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو یو این قراردادوں کے عین مطابق پرامن حل کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

 برطانوی پارلیمانی وفد نے اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے برطانوی رکن پارلیمنٹ اسٹیفنز ٹمز نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرکے مسئلے پر بات چیت کیلئے پاکستان کا دورہ کیا، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی پریشان کن اور دنیا کی توجہ چاہتی ہے۔  انھوں نے معاملہ برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان بھی کیا۔

 برطانوی رکن پارلیمنٹ عمران سہیل اور خالد محمود نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں یک طرفہ اقدامات کیے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی، کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے ہمارے لیے باعث تشویش ہے۔ عالمی برادری کو فوری طور پر کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینا چاہے۔  انھوں نے  کنٹرول لائن کا دورہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

 اس موقع پر اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ برطانوی اراکین پارلیمنٹ کشمیریوں کی آواز دنیا بھر میں اٹھائیں گے، ہم چاہتے ہیں برطانوی عوام کھل کر سامنے آئیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

 چیئرمین کشمیر کمیٹی فخرامام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے، عالمی برادری اس مسئلے کا لازمی نوٹس لے ۔