Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

'تین جنگیں لڑی ہیں چوتھی بھی لڑیں گے'

شائع 25 اگست 2019 10:20am
-APP -APP

لاہور: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تین جنگیں لڑی ہیں چوتھی بھی لڑیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر پر پاکستان کا سفارتی اور سیاسی نظریہ بالکل صحیح ہے، ہم درست طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، وزیراعظم کا دورہ امریکا بہت سود مند رہا، سلامتی کونسل نے کشمیرکو بھارت کا اندرونی معاملہ تسلیم نہیں کیا، امریکی صدر نے عمران خان اور مودی سے 2 بار بات کی، ٹرمپ نے کہا کہ وہ فرانس میں بھارت کے ساتھ معاملہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم 27 ستمبر کو یو این کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دو ایٹمی طاقتیں آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھڑی ہیں، بھارت امن چاہتا ہے تو امن دکھائیں گے، جنگ چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی تیار ہیں، بھارت سے تین جنگیں لڑچکے، چوتھی کے لیے بھی تیار ہیں، ہمارا بچہ بچہ جنگ کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے، آپ ہمیں مکا دکھائیں گے تو ہم آپ کا جبڑا توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ کشمیر صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے انسانیت کا مسئلہ ہے۔ کشمیر میں کرفیو ہے، لوگوں کو باہر نہیں نکلنے دیا جا رہا، دنیا دیکھ رہی ہے 80لاکھ افراد جیل کی طرح پڑے ہیں، مودی نے مقبوضہ کشمیر میں زندگی تنگ کردی ہے، مودی سمجھتا ہے کہ کشمیر پر لکیر لگانے سےعلاقہ بٹ جائےگا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل اس لیے بنایا ہوا ہے کہ باہر کی دنیا کو کچھ پتا نہ چلے لیکن مودی بری طرح پھنس گیا ہے۔ عالمی آزاد میڈیا مودی کے اقدامات کو نازی جرمنی سے تشبیہ دے رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا میں اب کوئی اسلامی بلاک نہیں رہا، اسلامی ممالک انتشار کا شکار ہیں، یواےای آج جس مقام پر ہے اس میں پاکستان کا بھی کردار ہے، یو اے ای کا مودی کو ایوارڈ دینے سے پاکستان میں مایوسی ہوئی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کی سربراہی میں کشمیر کمیٹی پر 3 سال میں کروڑوں خرچ ہوگئے۔ مولانا فضل الرحمان کے لئے اسلام نہیں اسلام آباد اہم ہے، وہ لاکھوں لوگ لے کر اسلام آباد کی طرف آنا چاہتے ہیں لیکن کشمیر کی طرف کیوں نہیں جاتے۔ کھالوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، مولانا فضل الرحمان اگلے دو سال میں ویسے ہی فارغ ہو جائیں گے۔

نواز شریف کے معاملے میں فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کا مسئلہ صرف اپنے بچوں کے ساتھ ہے، ان کا مسئلہ یہ ہے کہ حسن اور حسین نواز پیسے لے کر باہر بیٹھ گئے ہیں، دونوں بیٹے پیسے بچانے کے لیے نواز شریف اور مریم نواز کو رہا نہیں کرارہے، نوازشریف اور مریم نواز بتادیں کہ پیسے کیسے آئے تو کل رہا ہوجائیں گے۔