Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

مودی کو ایوارڈ دینے پر چیئرمین سینیٹ کا احتجاجاً یو اے ای کا دورہ منسوخ

شائع 25 اگست 2019 07:27am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کو ایوارڈ دینے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے عرب امارات کا دورہ احتجاجاً منسوخ کردیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ایوارڈ دینے پر یو اے ای کا دورہ احتجاجاً منسوخ کردیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ میرے کشمیری بہن بھائی محصور ہوں اور میں ان حالات میں یو اے ای کا دورہ کروں، دورہ پہلے سے طے شدہ تھا، تین بجے ہماری پرواز تھی تاہم مودی کو ایوارڈ ملنے کے بعد آج ہی وہاں میرا جانا اور یو اے ای حکام سے ملنا مناسب نہیں تھا۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ مودی کشمیریوں پر مظالم ڈھائے اور اسے ایوارڈ دیا جائے اس پر دکھ ہوا، مودی کشمیریوں پر ظلم و بربریت میں ملوث ہے، فیصلے سے یو اے ای سفیر کو آگاہ کردیا ہے، اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجاً یہ دورہ منسوخ کیا۔