Aaj News

پیر, جنوری 06, 2025  
05 Rajab 1446  

آئندہ ہفتے ملک بھر میں عام تعطیل دئیے جانے کا امکان

شائع 25 اگست 2019 05:22am

Untitled-1

اسلام آباد: آئندہ ہفتے ملک بھر میں عام تعطیل دئیے جانے کا امکان ہے، حکومت پاکستان نے کشمیری عوام کی حمایت میں قومی یکجہتی دن منانے کااعلان کردیا، جس کے تحت آئندہ ہفتے کسی بھی روز قومی یکجہتی دن منایا جائیگا اور پورا دن کشمیریوں کیلئے مخصوص ہوگا۔

اس حوالے سے ہفتے کے روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ہمراہ گورنر ہاؤس لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے کسی بھی روز قومی یکجہتی کا دن منایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پورا دن کشمیریوں کیلئے مخصوص ہوگا جہاں پورا پاکستان کشمیر کاز کے لیے اپنے عزم، محبت، احترام اور اتحاد کا پیغام دے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی آوازکو کاٹ دیا گیا ہے، وہاں اس وقت کوئی رابطہ نہیں، سوشل میڈیا کی رسائی نہیں اور نہ ہی بین الاقوامی میڈیا کو وہاں جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے صحافیوں نے جس طرح مقبوضہ وادی کے صحافیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ ہفتے وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب بھی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارت نے وادی میں ظلم و ستم کی انتہا کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، جبکہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کشمیر کاز کی حمایت اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے ترجمانی گروپ تشکیل دیا ہے جس کے ہفتہ وار اجلاس وزیراعظم خود کر رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان اجلاس کے دوران ترجیحات طے کرکے مرحلہ وار ان پر عمل بھی کیا جارہا ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ ہم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارتی قابض انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 20 روز سے نافذ کرفیو کے بعد اب خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہوچکی ہے۔چوہدری محمد سرور نے یہ بھی کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ہر فورم پر بات کریں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ جس روز کشمیریوں کیلئے قومی یکجہتی دن منایا جائے گا، اس روز عام تعطیل بھی دی جا سکتی ہے۔ تاہم اس حوالے سے حکومت نے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا۔