Aaj News

پیر, جنوری 06, 2025  
05 Rajab 1446  

دنیا کی سب سے طاقتور فضائی فورسز کی فہرست جاری

شائع 25 اگست 2019 05:14am

Untitled-1

دنیا کی سب سے طاقتور فضائی فورسز کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔

ملٹری ویب سائٹ گلوبل فائر پاور نے ایک خصوصی رپورٹ جاری کی ہے جس میں دنیا کی طاقتور ترین فضائی فورسز کی فہرست اور تفصیلات جاری کی ہیں۔

رپورٹ میں شائع کردہ تفصیلات کے مطابق امریکہ 13 ہزار398 جنگی طیاروں کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی فضائی طاقت کا حامل ملک ہے۔ اس فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے جو ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان کے پاس کل 1281 جنگی طیارے ہیں اور یہ اسلامی ممالک میں سب سے زیادہ فضائی قوت والا ملک ہے۔ پاک فضائیہ کے کل اہلکاروں کی تعداد بھی 70 ہزار کے قریب ہے۔

فہرست میں روس دوسرے نمبر پر ہے جس کے پاس 4  ہزار78 جنگی طیارے ہیں۔ چین 3187 طیاروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

بھارت 2082 جنگی طیاروں کا مالک ہے اور دنیا بھر میں اس کا نمبر چوتھا ہے۔ جنوبی کوریا پانچویں نمبر پر ہے اور اس کے پاس 1614 طیارے ہیں۔ فرانس کے طیاروں کی تعداد  1248 ہے اور وہ دنیا میں آٹھویں نمبر پر ہے۔ برطانیہ کی ایئر فورس میں 811 جنگی طیارے ہیں اور وہ 15ویں نمبر پر ہے۔

اسلامی ممالک کی فضائی قوت کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان کے بعد مصر کے پاس مختلف اقسام کے 1092 جنگی طیارے ہیں۔ ترکی کے پاس 1067 جنگی طیارے موجود ہیں۔ عرب ممالک میں مصر کے بعد دوسری بڑی فضائی طاقت کا مالک سعودی عرب ہے جسے 12ویں بین الاقوامی طاقت قرار دیا گیا ہے۔ الجزائر عرب دنیا میں تیسرے اور بین الاقوامی سطح پر 21 ویں، متحدہ عرب امارات عرب دنیا میں چوتھی اور عالمی سطح پر 22 ویں فضائی طاقت ہے۔

جہاں دنیا کی طاقتور ترین فضائی فورسز کا ذکر کیا گیا ہے، وہیں ایسے ممالک کی فہرست بھی فراہم کی گئی ہے جو یا تو معمولی ترین فضائی طاقت کے مالک ہیں یا ان ممالک کے پاس فضائی طاقت ہے ہی نہیں۔ لائیبریا ایسا ملک ہے جس کے پاس ایک بھی جنگی طیارہ نہیں۔ مڈغاسکر کے پاس صرف 2 جنگی طیارے ہیں جبکہ جمہوریہ وسطی افریقہ 3 جنگی طیاروں کا مالک ہے۔