Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

بولی وڈ سے باہر نکلو، ابھینندن اور کلبھوشن کا حشر دیکھو۔۔۔ آصف غفور کا شاہ رخ خان کو جواب

اپ ڈیٹ 24 اگست 2019 03:11pm

Untitled-1

راولپنڈی: پاکستان مخالف ویب سیریز بنانے پر ترجمان پاک فوج جنرل آصف غفور باجوہ نے  شاہ رخ خان کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ بولی وڈ کی خیالاتی دنیا سے باہر نکلو اور حقیقت جاننے کیلئے کلبھوشن اور ابھینندن کا حشر دیکھ لو، ایسی حرکتوں کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور آر ایس ایس کی ہندو شدت پسندی و نازی ازم کیخلاف آواز بلند کرکے امن کے فروغ کی بات کرو۔

بولی وڈ کنگ کے طور پر مشہور اداکار شاہ رخ خان کی جانب سے نیٹ فلیکس کیلئے خصوصی سیریز تیار کی گئی ہے۔ پاکستان مخالف اس سیریز میں جنگی جنون کو فروغ دیا گیا ہے۔ شاہ رخ خان کی جانب سے تیار کی گئی اس سیریز پر انہیں کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جبکہ اس حوالے سے اب پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا ہے۔

اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاونٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے شاہ رخ خان کو مخاطب کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ بولی وڈ کی خیالاتی دنیا سے باہر نکل آئیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان حقائق جاننا چاہتے ہیں تو پھر پاکستان میں قید بھارتی دہشت گرد جاسوس کلبھوشن یادیو، پاک فضائیہ کے ہاتھوں مار کھانے والے بھارتی پائلٹ ابھینندن کا حشر اور 27 فروری کو بھارتی فوج کی شکست دیکھ لیں۔

میجر جنرل آصف غفور کا شاہ رخ خان سے کہنا ہے کہ ایسی حرکتوں کی بجائے وہ مثبت سوچ اور عمل کا مظاہرہ کریں۔ انہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور آر ایس ایس کی ہندو شدت پسندی و نازی ازم کیخلاف آواز بلند کرکے امن کے فروغ کی بات کرنی چاہیئے۔