Aaj News

پیر, جنوری 06, 2025  
05 Rajab 1446  

اسرائیلی فوج کی اپنے ہی طیارے پر فائرنگ

اپ ڈیٹ 24 اگست 2019 05:19am

Untitled-1

تل ابیب: اسرائیلی فوج نے گولان پہاڑیوں کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے اپنے ہی طیارے پر فائرنگ کردی۔

گولان کی پہاڑیوں کے مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی دستوں نے غلطی سے اسرائیل ہی کے ایک طیارے پر فضا میں فائرنگ شروع کردی، یہ واقعہ گزشتہ روز آیا، ملکی دستوں نے اس ہوائی جہاز کو ایک دشمن طیارہ سمجھ لیا تھا۔

اسرائیلی فوجیوں نے اس سویلین ہوائی جہاز کو جنگ زدہ ہمسایہ ملک شام سے خفیہ طور پر اور بری نیت سے اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے والا ایک دشمن طیارہ سمجھ لیا تھا۔

صیہونی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ طیارہ اسرائیل کی سلامتی کیلئے فوری نوعیت کا ایک خطرہ تھا، سیکیورٹی دستوں نے اس ہوائی جہاز پر فائرنگ شروع کر دی اور ایسا تب تک کیا جاتا رہا، جب تک یہ محسوس نہ ہوا کہ یہ تو اسرائیل ہی کا ایک سویلین طیارہ تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، بعد ازاں اس طیارے کے پائلٹ نے اسرائیلی نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ اس واقعے کے دوران وہ مکمل تباہی سے صرف ایک یا ڈیڑھ میٹر دور ہی رہ گیا تھا۔

جہاز کے پائلٹ نے بتایا کہ اس نے اپنے ہوائی جہاز کے پروں میں سے ایک پر دھماکے جیسے آواز سنی تھی، لیکن شروع میں اس کا خیال تھا کہ شاید کوئی پرندہ ہوائی جہاز سے ٹکرا گیا تھا، ہوائی جہاز کے پائلٹ کو معاملے کی سنجیدگی کا علم تب ہوا جب اس کو پتہ چلا کہ طیارے کے پٹرول ٹینک سے ایندھن بہنا شروع ہو گیا تھا۔

اس بارے میں فوج کے ترجمان نے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ نوعیت کا واقعہ ہے، جس کی چھان بین کی جا رہی ہے۔