نوکیا کا پُرانا فون نئی شکل میں واپسی کیلئے تیار
نوکیا فونز کا لائسنس حاصل کرنے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل نے 3310 کے بعد نوکیا 2720 کو نئی شکل میں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
ایچ ایم ڈی نے حال ہی میں ایک فون کو چین میں سرٹیفائی کرایا ہے جو ممکنہ طور پر نوکیا 2720 (2019) ہے، جس میں فورجی کنکٹویٹی دی جائے گی۔
یہ اسمارٹ نہیں بلکہ ایک فیچر فون ہوگا اور اس میں نئی خصوصیات کا اضافہ کردیا جائے گا۔
نوکیا پاور یوزر کی رپورٹ کے مطابق ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے یہ فون ستمبر میں شیڈول آئی ایف اے 2019 ایونٹ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
نوکیا نے 2720 فون سب سے پہلے 2009 میں متعارف کرایا تھا اور اب 10 سال بعد اسے نئی خصوصیات کیساتھ دوبارہ پیش کیا جائے گا۔
ابتدائی طور پر یہ ایک فلپ فون تھا جس کے اندر 1.8 انچ کی کلر اسکرین دی گئی تھی جبکہ باہر 1.36 انچ کو مونوکروم ڈسپلے تھا۔
علاوہ ازیں 1.3 میگا پکسل کیمرا، بلیوٹوتھ، آڈیو جیک، ایف ایم ریڈیو اور 860 ایم اے ایچ بیٹری موجود تھی۔
اب دوبارہ متعارف کرائے جانے کے بعد امکان ہے کہ فورجی نیٹ ورک سپورٹ کے ساتھ ڈیزائن اور بیٹری پہلے سے بہتر بنائی جائے گی۔
مذکورہ کمپنی قبل ازیں 3310 سمیت نوکیا کے متعدد پرانے فونز نئی خصوصیات کیساتھ متعارف کرا چکی ہے۔
ایچ ایم ڈی نے 2017 میں 3310 کا جدید ورژن متعارف کرایا تھا جبکہ 2018 میں نوے کی دہائی کے ایک اور مقبول فون نوکیا 8110 کو متعارف کرایا۔
Comments are closed on this story.