Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

شیریں مزاری کا یونیسیف سے پریانکا کو ہٹانے کا مطالبہ

شائع 21 اگست 2019 01:24pm

mazari

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے یونیسیف کو خط لکھ کربھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو اقوام متحدہ گڈ ول سفیروں کی فہرست سے خارج کرنے کا مطالبہ کردیا۔

 وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو خط لکھا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور اقوام متحدہ کی گڈ ول سفیر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھائے۔

شیریں مزاری نے خط میں لکھا کہ یونیسیف نے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو امن کا سفیر مقرر کررکھا ہے جبکہ مودی سرکار کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قرادادوں سے فرار کیساتھ اہل کشمیرکی نسل کشی کے منصوبے نے مقبوضہ کشمیر میں بحرانی کیفیت کو جنم دیا ہے۔

شیریں مزاری نے خط میں لکھا کہ بھارتی اداکارہ مودی سرکار کے ظلم اور ہتھکنڈوں کی کھل کرحمایت کررہی ہے۔

بھارتی اداکارہ نے ہندوستانی وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کو جوہری حملے کی دھمکی کی بھی کھل کر تائید کی ہے۔

وفاقی وزیر نے خط میں لکھا ہے کہ بطور امن کے سفیر پریانکا کا رویہ امن کیخلاف ہے۔

بھارتی اداکارہ کی جانب سے عالمی قوانین اور سلامی کونسل کی قرادادوں سے روگردانی کی حمایت خود اقوام متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی موجب ہے۔

جنگی جنون میں مبتلا اس خاتون کو "امن سے سفیر" کے منصب سے معزول نہ کیا گیا تو یہ منصب دنیا میں جگ ہنسائی کا نشانہ بن جائے گا۔