Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
06 Rajab 1446  

آرمی چیف کی مدت میں توسیع درست اقدام قرار

شائع 20 اگست 2019 05:08pm

firimagee

مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع درست اقدام ہے۔ وہ کہتی ہیں حکومتی اقدامات سے کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 30فیصد کمی آئی ہے، ملکی معیشت اب بہتر سمت میں جارہی ہے، حکومت کا پہلا سال استحکام پاکستان کا تھا اور موجودہ سال تعمیر پاکستان کا سال ہے۔

 وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا آرمی چیف کی مدت میں توسیع ایک درست اقدام ہے، نیشنل ایکشن پلان، آپریشن ضرب عضب اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کا کریڈٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو جاتا ہے۔

 فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ کو بتایا کہ جس وقت حکومت آئی تھی اس وقت مسائل کیا تھے؟وزیر اعظم نے بتایا کہ کس طرح ایک دیوالیہ معیشت کو واپس اپنے پاﺅں پر کھڑا کردیاہے، کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں 30 فیصد کمی آ ئی ہے۔

 فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ سی پیک پاکستان کے اندر چائنہ کے ساتھ ملک میں ایک اقتصادی روڈ میپ تھا، اسی طرح ترکی کے ساتھ مل کر ایک فریم ورک بنایا گیا ہے، اس کی پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان اور ترکی میں طیب رجب اردگان سربراہی کریں گے، اس سے دونوں ملک ترکی اور پاکستان فری ٹریڈ کریں گے۔

  فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم نے کل امریکی صدر ٹرمپ اور وزیراعظم پاکستان کے مابین ٹیلی فونک رابطے پر کابینہ کو اعتماد میں لیا، 26 ستمبر کو نریندرمودی جبکہ 27 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔