Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

پی ٹی آئی حکومت کا پہلا سال بھیانک خواب ہے، مراد علی شاہ

شائع 18 اگست 2019 07:41am

muradalishahimage

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا پہلا سال بھیانک خواب ہے۔ اس سال یاد رکھنے والا کچھ نہیں۔

کراچی میں ‘سرسبز سندھ مہم’ کے افتتاح کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت اب تک کوئی کام نہیں کر سکی اور اس نے صوبوں کو بھی کام نہیں کرنے دیا، اسٹاک مارکیٹ 28 ہزار پوائنٹس پر آگئی ہے، پی ٹی آئی سے کہتا ہوں آگے بڑھیں اور حکومت کریں، تصویریں بنوانا چھوڑیں اور کام کریں، جو کام کرنے والا ہے حکومت وہ کام کرے، جو ملکی آئین کی پابندی نہیں کرتا وہ ملک چلنے کی توقع کیسے رکھ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ۔ کراچی کے 3 اضلاع میں کچرا اٹھانے کا کام قدرے بہتر ہے، برساتی نالوں کی صفائی کے ایم سی کی ذمہ داری ہے، پچھلے سال کےایم سی کو نالوں کی صفائی کے 550 ملین روپےدیے گئے تھے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے کئی بار نااہل قرار دینے کی کوشش کی گئی، پارٹی بلاول بھٹو زرداری اورآصف زرداری کی قیادت میں متحد ہے، پیپلزپارٹی ارکان کے حوصلے توڑنا ان کی بھول ہے، جیالے آمروں کے سامنے ڈٹ گئے، جیالے تو آمروں کے سامنے بھی ڈٹ گئے، یہ خود کو سنبھالیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں جب تک درختوں کی افزائش کو بڑھایا نہیں جائے گا موسمی تبدیلی کے اثرات بڑھتے جائیں گے، ہمیں صرف پودا نہیں لگانا بلکہ اس کی حفاظت کرکے درخت بنانا ہے، کراچی میں درختوں کی بہت کمی ہے، میں ہر شہری سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے حصے کا درخت لگا کر سندھ کو سرسبز اور شاداب بنائیں، دنیا میں وہ ممالک اچھے لگتے ہیں جہاں دختوں کے ساتھ پرندے بھی ہوں، نیم کے درخت کے علاوہ میواجات کے درخت لگائے جائیں تاکہ پرندوں کی افزائش میں اضافہ ہوسکے۔