Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

پریانکا کو 3 ملین سے زائد فالوورز نے اَن فالو کردیا

اپ ڈیٹ 17 اگست 2019 04:11pm

priyanka

بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا شمار سوشل میڈیا پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی شخصیات میں ہوتا تھا، ان کے فالوورز کی تعداد 47 ملین سے زیادہ تھی تاہم حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ ایٹمی جنگ کی حمایت میں اپنے ملک کو سپورٹ کرتی نظر آئیں۔

پاکستان اور بھارت دونوں ہی ایٹمی ممالک ہیں اور اگر جنگ ہوئی تو سنگین صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے مگر اس موقع پر اقوام متحدہ کی 'گُڈوِل' سفیر کا یہ عمل سوشل میڈیا صارفین کو گوارا نہ گزرا اور انہوں نے اداکارہ کا تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اَن فالو کرنا شروع کردیا۔

پریانکا کو اَن فالو کرنے کے عمل کو ایک طرح کا احتجاج کہا جاسکتا ہے جس کے نتیجے میں ان کے فالوورز کی تعداد 47 ملین سے 43 اعشاریہ 7 ملین تک گرگئی اور انہیں 3 اعشاریہ 3 ملین فالوورز کو کھونا پڑا۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقدہ بلاگرز، انفلوئنسرز اور سلیبرٹیز کے درمیان بیوٹیکان ایونٹ میں جب پریانکا سوالات کے جواب دے رہی تھیں تو ایک امریکی نژاد پاکستانی خاتون عائشہ ملک نے ان کی جنگ کی حمایت میں کی جانے والی ٹویٹ کی جانب اشارہ کرتے سوال کیا تھا کہ 'آپ اقوامِ متحدہ کی گڈ ول سفیر ہیں اور آپ دو ہمسائیوں کے بیچ نیوکلئیر جنگ کی حمایت کر رہی ہیں'؟

عائشہ کا مزید کہنا تھا کہ ایسی جنگ میں جیت کسی کی نہیں ہوتی اور پاکستان میں آپ کے لاکھوں مداح ہیں جو کہ آپ کی ٹویٹ سے بہت دکھی ہوئے ہیں۔  

ایک اور ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عائشہ کا سوال مکمل ہونے سے قبل ہی 2 سیکیورٹی اہلکار عائشہ سے مائیک چھین لیتے ہیں۔ جس پر پریانکا نے کوئی اعتراض تو نہیں کیا لیکن انہیں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے 'میں نے (سوال) سن لیا۔ جب بھی آپ بھڑاس نکالنے سے فارغ ہو جائیں'۔  

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'میرے پاکستان میں بہت دوست ہیں اور میں انڈیا سے ہوں۔ مجھے جنگ پسند تو نہیں لیکن میں محبِ وطن ہوں اور میرا ماننا ہے کہ ایک درمیانی راستہ ہوتا ہے جس پر ہمیں چلنا پڑتا ہے۔۔۔ جس طرح آپ نے مجھ پر چڑھائی کی۔۔۔ چیخیں مت۔ ہم سب یہاں پیار محبت کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ چیخیں مت'۔ 

بعدازاں عائشہ ملک نامی اس خاتون نے ایک ٹویٹ بھی کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ 'میں وہ لڑکی ہوں جو پریانکا پر چیخی تھی'۔  

انہوں نے مزید کہا کہ 'ان کے منہ سے یہ سننا کہ ہم ہمسائے ہیں اور ہمیں ایک دوسرے سے محبت کرنی چاہیے، بہت مشکل تھا۔ انڈیا پاکستان خطرے کا شکار تھے اور آپ نے نیوکلئیر جنگ کی حمایت کی'۔

ایک جانب جہاں سوشل میڈیا صارفین عائشہ ملک کی بہادری کی تعریف کررہے ہیں وہیں پریانکا شدید تنقید کی زد میں آگئی ہیں اور نتیجتاً ان کے فالوورز نے بڑی تعداد میں انہیں اَن فالو کرنا شروع کردیا ہے۔