Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

'بھارت کارروائی کیلئے تیار: 'غوری اور غزنوی میدان میں اتارنے کا وقت آگیا

اپ ڈیٹ 17 اگست 2019 04:46am

Untitled-1

اسلام آباد: پاکستان کے معروف صحافی اور دفاعی تجزیہ کار وجاہت ایس خان کے مطابق بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے اعلان کیا ہے کہ وہ لائن آف کنٹرول پر اور اس کے پار کسی بھی وقت کارروائی کرنے کیلئے تیار ہیں۔

وجاہت ایس خان کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں تشویش ناک اطلاع دی گئی ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد اور بھارت کی جانب سے مسلسل جنگ کی دھمکیاں دیے جانے پر معروف دفاعی تجزیہ کار زید حامد کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔   زید حامد کہتے ہیں کہ غوری اور غزنوی میدان میں اتارنے کا وقت آگیا، سیالکوٹ سے گلگت تک کے محاذوں پر فوج کو متحرک کیا جائے۔   ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے زید حامد نے کہا کہ بھارت کو کبھی بھی امن کی زبان سمجھ نہیں آ سکتی۔   زید حامد نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کی دھمکیوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستان اپنے غوری اور غزنوی میدان میں اتارے۔  

اس حوالے سے حکومت پاکستان پہلے ہی خدشات کا اظہار کر رہی تھی۔ خاص کر وزیراعظم عمران خان کئی مرتبہ بھارت کی ممکنہ جارحیت کے خدشے کا اظہار کر چکے ہیں۔ تاہم پاک فوج بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار اور ہر وقت الرٹ ہے۔

دوسری جانب کشمیر کے معاملے میں سفارتی، سیاسی اور دفاعی محاذوں پر بے پناہ ذلت و رُسوائی سمیٹنے کے بعد بھارتی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں گیدڑ بھبکی دی کہ بھارت حالات کو دیکھتے ہوئے ایٹمی حملہ میں پہل نہ کرنے کی اپنی پالیسی پر غور کر رہا ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ جوہری حملے میں پہل نہ کرنے کے ڈاکٹرائن پر قائم رہیں گے تاہم مستقبل کا فیصلہ حالات دیکھ کر کریں گے۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پوکھران وہ علاقہ ہے جس نے بھارت کو ایٹمی طاقت بنایا۔ پوکھران کا ایٹمی دھماکہ اٹل بہاری واجپائی کے جوہری عزائم کا عکاس ہے۔

بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اس بیان سے واضح ہوتا ہے کہ اس وقت کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع کے اس اشتعال انگیز بیان نے عالمی امن کیلئے خطرے کی گھنٹیاں بجا دی ہیں۔

اس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت کی ہندو متعصب سرکار نے ہندو راج کے عزائم کی تکمیل کیلئے پورے برصغیر کو ایٹمی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

بھارتی وزیر دفاع کے اس ٹویٹر بیان کو دُنیا بھر میں بہت تشویش کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے دُنیا بھر کے تھِنک ٹینکس کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ بھارت خطے کا امن و امان تباہ کرنے پر تُل گیا ہے۔