Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

وائرل ویڈیو میں سیلز گرل کو تشدد کا نشانہ بنانے والی خاتون گرفتار

اپ ڈیٹ 15 اگست 2019 05:33am

Untitled-1

لاہور: نجی شاپنگ مال میں لپ اسٹک چیک کرنے کے معاملے پر ہوئی تلخ کلامی کے نتیجے میں سیلز گرل کو تشدد کا نشانہ بنانے والی خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

لاہور کے علاقے فیکٹری ایریا کے نجی مال میں خاتون نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر سیلز کاؤنٹر پر کھڑی ہونے والی لڑکی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے تشدد کرنے والی خاتون کی جلد از جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے شاپنگ مال کی انتظامیہ اور متاثرہ لڑکی سے رابطہ کر کے واقعے کا مقدمہ فیکٹری ایریا تھانے میں درج کیا۔

جس کے بعد شاپنگ مال کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گاڑی اور خاتون کی شناخت کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والی خاتون کی شناخت صدف کے نام سے ہوئی۔ دوران تفتیش ملزمہ نے پولیس کو بتایا کہ میری لپ اسٹک چیک کرنے پر سیلز گرل سے تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد مجھے غصہ آگیا تھا۔ ملزمہ کے خلاف درج کی جانے والی ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ خاتون نے سیلز گرل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور اُسے بچانے کیلئے آنے والوں پر بھی تشدد کیا۔

ملزمہ صدف نے پیپر کٹر سےسکیورٹی سپروائزر پر بھی حملہ کیا تھا۔ مقدمے کے متن کے مطابق سکیورٹی سپروائزر بھی خاتون کے حملے میں زخمی ہوئے اور اُن کی انگلی پر چوٹ آئی۔ شاپنگ مال میں ہنگامہ آرائی کرنے والی خاتون کے ساتھ اس کا شوہر حمزہ بھی شامل تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے، ملزمہ کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔