Aaj News

پیر, جنوری 06, 2025  
05 Rajab 1446  

جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ پارٹی کے صدر شاہ فیصل زیر حراست

شائع 15 اگست 2019 04:10am

Untitled-1

نئی دہلی: جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ پارٹی کے صدر شاہ فیصل کو بدھ کو دہلی ایئرپورٹ پرحراست میں لے لیا گیا۔

شاہ فیصل بیرون ملک جانے کیلئے دہلی سے فلائٹ لینے والے تھے، لیکن امیگریشن افسروں نے انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) کے تحت حراست میں لے کر واپس کشمیر بھیج دیا ہے۔ اس کے ساتھ  ہی مقبوضہ کشمیر میں انہیں گھر میں نظربند کردیا گیا ہے۔ شاہ فیصل استنبول جارہے تھے۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق افسران نے کہا کہ دہلی ایئرپورٹ پر پی ایس اے کے تحت انہیں حراست میں لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ شاہ فیصل کو حراست میں لینے کیلئے جموں وکشمیر پولیس سے لے کر ایئرپورٹ افسران تک کو سرکاری اطلاع تھی کہ ہندوستان سے باہر جانے کی کوشش کرنے پرانہیں سری نگر واپس بھیجا جائے۔

واضح رہے کہ شاہ فیصل نے کہا کہ کشمیر ایک لاک ڈاؤن کا سامنا کررہا ہے اور ریاست کی پوری 80 لاکھ کی آبادی آج کی طرح کبھی قید نہیں رہی۔

شاہ فیصل نےعیدالاضحیٰ  کے موقع پر بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ کشمیر میں عید نہیں ہے۔ یہاں کے لوگ غلط طریقے سے ہندوستان میں شامل ہونے سے رو رہے ہیں۔ ہمارے یہاں تب تک عید نہیں ہوگی، جب تک 1947 سے ملا جموں وکشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ ہمیں واپس نہیں مل جاتا۔