Aaj News

منگل, جنوری 07, 2025  
07 Rajab 1446  

فریال تالپور رات گئے اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل

شائع 12 اگست 2019 04:55am

Untitled-1

لاہور: میگامنی لانڈرنگ کیس میں گرفتارسابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو رات گئے اسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

نیب ٹیم رات گئے پولی کلینک ہسپتال پہنچی، اطلاع ملتے ہی ایم این اے رمیش لال، عامر فدا پراچہ اور نظیرحسین ڈھوکی سمیت جیالے بھی اسپتال پہنچ گئے اور فریال تالپور کو بچانے کی کوشش کرتے رہے۔

جیل منتقلی کے دوران فریال تالپور کا کہنا تھا کہ کیا یہ نیا پاکستان ہے کہ ایک عورت کو رات بارہ بجے جیل لے جایا جائے، نیب نے جوحرکت کی وہ مکمل طور پرغیرقانونی ہے۔

فریال تالپور نے کہا کہ ڈاکٹر انہیں اسپتال کیلئے ریفر کر رہے ہیں اور نیب اہلکار اڈیالہ جیل لے جا رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے پولی کلینک اسپتال کے باہرحکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

رہنماؤں کا کہنا تھا جیل ایکٹ کے تیسرے چیپٹر کے رول نمبر گیارہ میں جیل منتقل کرنے کا وقت پانچ بجے شام درج ہے۔

فریال تالپور کو گزشتہ جمعے کو شوگر لیول ہائی ہونے پر پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

بلاول بھٹو زرداری نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان میں قوانین کے ساتھ روایات کی بھی دھجیاں اڑادی گئیں، مسلسل عدالتوں کا سامنا کرنے والی خاتون کی تذلیل قابل افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ہدایت کے برخلاف خاتون قیدی کو جیل منتقل کردیا گیا؟

دوسری جانب نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ فریال تالپور نیب کی تحویل میں نہیں ہیں، وہ عدالتی تحویل میں ہیں۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معزز احتساب عدالت نے فریال تالپور کو جوڈیشل کسٹڈی میں بھیجا تھا، پولی کلینک کے ڈاکٹروں نے فریال تالپور کو ڈسچارج کردیا، جیل حکام نے ڈسچارج کے بعد فریال تالپور کو جیل منتقل کردیا ہے۔