'میری زندگی میں کبھی کراچی میں اتنی بارش نہیں ہوئی'
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہےکہ بارش رکتے ہی پانی کی نکاسی شروع ہوجائے گی۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ان کی زندگی میں کبھی کراچی میں اتنی بارش نہیں ہوئی، پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے سڑکوں پر موجود ہیں.
انہوں نے کہا کہ عوام کی ہرممکن مدد کی کوشش کررہےہیں، تھرپارکر، عمرکوٹ، حیدرآباد میں بھی تیزبارش ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جام صادق پُل، کاز وے ندی اور قیوم آباد کا دورہ کیا اور ریسکیو کا کام تیز کرنے کے لیے کمشنر کو ہدایت کی جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے پُل کے ٹکڑے پر پھنسے 5 لوگوں اور موٹر سائیکل کو نکالنے کے لیے ایدھی کی بوٹس بھی منگوا لیں۔
اس سے قبل رات گئے وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا تھا اوربارش کے باعث جمع ہونے والے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں 150.6 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جب کہ پہلوان گوٹھ 111، مسرور بیس 110، بیس فیصل 121، گلشن حدید 149، نارتھ کراچی 78 اور صدر میں 86 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون کا بارش دینے والا سسٹم سمندر کی جانب مڑنا شروع ہوگیا ہے، سسٹم کا بڑا حصہ شہر کی فضاؤں پر موجود ہے اور آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارشیں متوقع ہے، مون سون سسٹم کے اثرات آج رات تک تیز بارشوں کی شکل میں برقرار رہ سکتے ہیں، سسٹم کے اثرات کے نتیجے میں پیر کی سہ پہر تک معتدل اور ہلکی بارش کا امکان موجود ہے۔
Comments are closed on this story.