Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

اٹھارہ سالہ افغان جنگ کا خاتمہ، بھارت نواز اشرف غنی حکومت کی چھٹی؟

اپ ڈیٹ 10 اگست 2019 05:19am

Untitled-1

واشنگٹن: امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان جنگ کا بالآخر 18 سال بعد اختتام ہونے جارہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی حکومت اور افغان طالبان کے درمیان باقاعدہ امن معاہدہ طے پا گیا ہے۔ امریکہ نے افغان طالبان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی کاپیاں افغان صدر اشرف غنی و دیگر کو فراہم کر دی ہیں۔ معاہدے کے تحت اگلے ماہ افغانستان میں شیڈول صدارتی انتخابات ملتوی کر دیے جائیں گے۔ افغان طالبان پھر سے افغانستان کے حکمراں ہو سکتے ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت امریکا فوری طور پر افغانستان سے اپنی فوج کے مکمل انخلاء کا عمل شروع کر دے گا۔ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان طے پا جانے والے معاہدے کا باقاعدہ اعلان آئندہ چند روز میں کسی بھی وقت کر دیا جائے گا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے امریکا اور افغان طالبان کے درمیان طے پانے والا معاہدہ بھارت کیلئے زبردست دھچکا اور شکست قرار دیا جا رہا ہے۔

اس معاہدے کے باعث بھارت کا افغانستان میں کردار نہ ہونے کے برابر رہ جائے گا۔ یہ صورتحال پاکستان کیلئے بے حد فائدہ مند ثابت ہوگی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اعلان کر چکے ہیں کہ وہ افغانستان کی 18 سالہ جنگ کا جلد سے جلد اختتام چاہتے ہیں۔ ٹرمپ افغان جنگ کو ایک بے وقوفانہ اقدام قرار دے چکے ہیں۔

امریکی صدر نے افغان جنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان سے مدد کی اپیل بھی کی تھی۔ اب اطلاعات ہیں کہ بالآخر 18 سال کی یہ تباہ کن جنگ واقعی اختتام پذیر ہونے والی ہے۔