Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

ہما قریشی کو پاکستان جانے کے مشورے پر اُن کا جواب آگیا

اپ ڈیٹ 08 اگست 2019 05:23pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

بولی وڈ اداکارہ ہما قریشی اور ان کے بھائی ثاقب سلیم کے کشمیر سے متعلق ٹویٹس کے بعد انتہاپسند ٹرولرز نے انہیں بھارت چھوڑ کر پاکستان جانے کا مشورہ دے دیا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہما قریشی اور ثاقب سلیم کی فیملی مقبوضہ وادی میں رہتی ہے اور انہیں اس کے حق میں بولنے پر بھارت چھوڑ کر جانے کے مشورے ملنے لگے۔

فلم 'جولی ایل ایل بی 2' کی اداکارہ نے ٹویٹ کیا کہ کشمیر سے متعلق سب کی اپنی اپنی آراء ہیں، میں نہایت عاجزی سے یہ بات کہتی ہوں کہ وہاں کی زندگی، خونریزی اور نقصان سے متعلق آپ نہیں جانتے۔ برائے مہربانی غیرذمہ دارانہ گفتگو سے پرہیز کریں، وہاں لوگ رہتے ہیں جن میں خواتین، بچے، بوڑھے اور بیمار افراد شامل ہیں۔ آپ خود کو ان کی جگہ رکھیں اور پھر اس حساس معاملے پر غور کریں'۔

اس سے قبل ایک ٹویٹ میں انہوں نے سب کو امن اور ہمدردی کا درس دیا تھا۔

ہما کے بھائی ثاقب کو بھی ایک ٹویٹ کرنے پر بھارت چھوڑ جانے کا مشورہ دیا گیا تھا۔

واضح رہے گزشتہ دنوں بھارتی پارلیمنٹ میں 4 بل پیش کئے گئے تھے جسے منظور کرتے ہوئے آرٹیکل 370 کو منسوخ کردیا گیا جبکہ بھارتی صدر نے مقبوضہ وادی کی آزاد حیثیت ختم کرنے کی منظوری بھی دے دی تھی۔