ہواوے: چین کی بھارت کو سنگین نتائج کی دھمکی
ممبئی: چین نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے ہواوے کمپنی پر پابندی عائد کی تو انہیں کڑے جواب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
چین نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ چینی موبائل کمپنی ہواوے پر پابندی عائد کرنے سے باز رہے اگر ایسا کیا گیا تو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بھارت اگلے چند ماہ میں 5 جی سیلولر نیٹ ورکس کی ٹیسٹنگ کرنے والا ہے، مگر اس نے چینی ٹیلی کام مصنوعات بنانے والی کمپنیوں کو اس حوالے سے شرکت کی دعوت نہیں دی۔
واضح رہے کہ دنیا میں ٹیلی کام مصنوعات بنانے والے سب سے بڑی کمپنی ہواوے، چین اور امریکا کے درمیان ہونے والی تجارتی جنگ کا مرکز بنی ہوئی ہے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کمپنی کو رواں سال مئی میں قومی سلامتی کیلئے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بلیک لسٹ میں ڈال دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں اندرونی سطح پر جاری بحث کے حوالے سے معلومات رکھنے والے دو ذرائع کا کہنا تھا کہ بیجنگ میں بھارتی سفیر وکرم مسری کو چینی وزارت خارجہ نے 10 جولائی کو طلب کیا تھا، جس میں امریکی مہم کے نتیجے میں ہواوے کو 5 جی موبائل انفراسٹرکچر سے ممکنہ طور پر دور رکھنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔
ذرایع نے بتایا کہ ملاقات میں چینی حکام کا کہنا تھا کہ بھارت کو واشنگٹن کے دباؤ میں ہواوے پر پابندی عائد نہیں کرنی چاہیے ورنہ چین میں کاروبار میں مشغول بھارتی اداروں پر بدلے میں پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ بیجنگ کو امید ہے کہ بھارت 5 جی کی نیلامی میں آزادانہ فیصلہ کرے گا۔
Comments are closed on this story.