Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

پاکستان کا بھارت سے تجارت معطل کرنیکا فیصلہ

اپ ڈیٹ 07 اگست 2019 02:03pm

ssss

 

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت سے فوری طور پر تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان نے مسلح افواج کو بھی فوری طور پر تیار رہنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  پاکستان  بھارت کے یوم جمہوریہ کو سیاہ دن کے طور پر منائے گا۔

اجلاس میں  بھارت سے دو طرفہ تجارت فوری طور پر معطل کرنے اور سفارتی تعلقات میں  کمی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل  میں اٹھائے گا۔ یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پاکستان تمام دوست ممالک سے سے فوری رابطہ کرے گا ۔ چین ، روس، ترکی، سعودی عرب، یو اے ای سمیت تمام ممالک کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان بھارت سے اپنا ہائی کمشنر واپس بلائے گا۔ جبکہ بھارت کیطرف سے جغرافیائی تبدیلی کا معاملہ اقوام متحدہ کے نوٹس میں بھی لایا جائیگا۔

اجلاس میں کمیٹی کو مقبوضہ وادی میں کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بھارت کی جانب سے کلسٹر بمبوں کے استعمال اور دہشتگردانہ کاروائیوں پرتشویش کا اظہار کیا گیا۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیے  میں مزید کہا گیا ہے کہ حالیہ اقدام  لائن آف کنڑول کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے بھارت کی مزموم کوشش ہے۔ اور پاکستان کشمیرکا حل اقوام متحدہ کے قراردادوں کے زریعے چاہتا ہے۔ قوم متحد ہے اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اعلامیے میں کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اور کہا گیا کہ حالیہ بھارتی اقدامات سے کشیدگی اور بدامنی میں اضافہ ہو گا ، بھارتی جارحیت دوایٹمی ہتھیار رکھنے والے ممالک کو ٹکراؤ کی طرف لے جاسکتی ہے۔

اجلاس میں وزیرامورکشمیر،جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ، آرمی چیف، بحریہ  اور فضائیہ کے سربراہ اور ڈی جی آئی ایس ائی سمیت اعلی سول عسکری قیادت نے شرکت کی۔