Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

'بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی دفن ہوگیا'

اپ ڈیٹ 07 اگست 2019 05:29am

Shimla Agreement

جدہ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی کی سوچ نے نہرو کے ہندوستان کو برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی اب دفن ہوگیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بات آج سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کنٹیکٹ گروپ برائے کشمیر کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کی۔

بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت متعین کرنے والے آرٹیکل 370 کے خاتمے اور کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر آج جدہ میں او آئی سی کنٹیکٹ گروپ برائے کشمیر کا  ہنگامی اجلاس  ہوا۔

اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، آذربائجان، ترکی اور دیگر ممبر ممالک کے مندوبین اورنمائندگان نے شرکت کی  ۔پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرنے اور ان میں شرکت کیلئے وقت نکالنے پر تمام شرکاء اور منتظمین کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر (جو کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ملیٹرائزڈ ایریا ہے) میں بھارت کی جانب سے مزید فورس بھجوانا، تعلیمی اداروں کو بند کروانا اور ایمرجنسی کی کیفیت بھارت کے ارادوں کا پتہ دے رہے تھے۔

شاہ محمودقریشی نے کہا کہ بھارت کی طرف سے لوک سبھا کا اجلاس بلا کر مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کا تعین کرنے والے 370 آرٹیکل اور 35 اے کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے 1989 سے اب تک ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ 22000 سے زائد خواتین بیوہ ہوئیں، ایک لاکھ آٹھ ہزار بچے یتیم ہوئے اور 12000 سے زائد خواتین کی عصمت دری کی گئی۔ میں نے بھارت کے اقدامات کے پیشِ نظر، خطرے کو بھانپتے ہوئے ، اقوام متحدہ سلامتی کونسل، جنرل سیکرٹری او آئی سی کو پاکستان کے خدشات سے آگاہ کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے اقدامات جنوبی ایشیا میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کو مزید خراب کرنے کے مترادف ہے جس پر آپکی فوری توجہ کی متقاضی ہے۔

اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے کشمیر کے حوالے سے اقدامات کی پوری دنیا مذمت کر رہی ہے، بھارت کے حالیہ اقدامات کو سیکیورٹی کونسل میں بھی اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ  نریندر مودی کے رویے کی بھارت کے اندر بھی مذمت ہو رہی ہے، او آئی سی کے اجلاس میں بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کی گئی ہے، او آئی سی نے اقوام متحدہ سے انکوائری کمیشن قائم کرنے کی سفارش کی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی کی سوچ نے نہرو کے ہندوستان کو برباد کرکے رکھ دیا ہے۔ بھارت کے ساتھ شملہ معاہدہ بھی اب دفن ہوگیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب آیا  تھا مگر اب پاکستان روانہ ہو رہا ہوں۔