Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

مودی کے "اردو پیغام" نے کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑک دیا

اپ ڈیٹ 07 اگست 2019 04:47am

modi-ha-kya

نئی دہلی: بھارتی لوک سبھا میں آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کی قرار داد اور مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کا بل منظور ہوا، جس کے بعد ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر پہلی مرتبہ اردو میں ٹویٹ کرتے ہوئے مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑک دیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ جموں وکشمیر کی تقسیم کا بل پاس ہونا ایک یادگار لمحہ ہے، بل پاس ہونے کے بعد اب وہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لائیں گے اور اُنہیں اپنی ہنر مندی اور صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کے وسیع مواقع فراہم کریں گے۔

مودی نے ٹویٹ میں انڈین وزیر داخلہ امیت شاہ کو بل پاس ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور ہم ایک ساتھ مل کر 130 کروڑ ہندوستانیوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کریں گے، یہ ہماری پارلیمانی جمہوریت میں ایک یادگار لمحہ ہے، جب جموں و کشمیر سے متعلق بل زبردست حمایت کے ساتھ منظور ہوا ہے، جموں و کشمیر کو اس سے فائدہ پہنچے گا۔  

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اب بیڑیوں سے آزاد ہو چکا ہے، اب جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لائیں گے اور انہیں اپنی ہنر مندی اور صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کے وسیع مواقع فراہم کریں گے۔

پیغام میں مزید کہا گیا کہ مقامی بنیادی ڈھانچے میں اہم اصلاح رونما ہو گی، بھارتی لوک سبھا میں واضح اکثریت کے ساتھ بل پاس ہونے کے بعد لداخ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پایۂ تکمیل کو پہنچا ہے، یہ فیصلہ ان کے خطے کی مجموعی خوشحالی کو مہمیز کرے گا اور بہتر ترقیاتی سہولتوں کو یقینی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ میں سیاسی پارٹیوں نے اس موقع پر اپنی بیداری کا ثبوت پیش کرتے ہوئے اپنی حمایت دی، نظریاتی اختلافات کو فراموش کرکے بحث میں حصہ لیا ،جس نے ہماری پارلیمانی جمہوریت کے وقار میں اضافہ کیا ہے،بل پاس کرنے پر میں تمام اراکین پارلیمنٹ، سیاسی پارٹیوں اور ان کے قائدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔  

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر 5 زبانوں میں مبارکباد کا پیغام دیا۔ انہوں نے اس کیلئے انگریزی ، ہندی ، اردو، بنگالی اور کناڈا زبان کا انتخاب کیا۔

نریندر مودی نے ہر زبان میں 11 ٹویٹ کرکے بھارت کے عوام، مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو آرٹیکل 370 کے خاتمے پر مبارکباد پیش کی اور ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس آرٹیکل کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا۔