Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

ویڈیو گیم چیمپئن شپ: ارسلان صدیقی نے پاکستان کا نام روشن کردیا

شائع 05 اگست 2019 05:32pm

arslanash

لاس ویگاس: ویڈیو گیمز کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑی ارسلان صدیقی 'ارسلان ایش' نے فتح سمیٹ کر پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا، وہ ورلڈ ویڈیو گیمز چیمپئن شپ کا فائنل جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ارسلان صدیقی نے امریکا کے شہر لاس ویگاس میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ کے میچ میں گیمنگ کی دنیا کے بڑے کھلاڑیوں کو پچھاڑا اور ٹیکن 7 کا فائنل جیت کر یہ اعزاز اپنے سر سجایا۔

ارسلان نے کوریا کے ٹیکن گیم کے لیجنڈ یائی من نی کو ہرایا۔ فتح کے بعد انہوں نے شکرانے کے طور پر سجدہ بھی ادا کیا، جس پر شائقین نے انہیں خوب داد دی۔ ارسلان کو ورلڈ چیمپئن بننے پر 14 ہزار ڈالر یعنی تقریباً 22 لاکھ 43 ہزار پاکستانی روپے کی انعامی رقم بھی ملی۔  

فائنل میں 'ایش' کا مقابلہ کرنے والا جنوبی کوریائی کھلاڑی بھی اُن کے مداح نکلے اور انہوں نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

فائنل میچ جیتنے کے بعد ارسلان کا کہنا تھا کہ 'میں یہ اعزاز جیتنے والا پہلا پاکستانی بلکہ پہلا گیمر ہوں۔ مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میں نے کوئی ناقابل یقین کھیل جیتا ہو، مجھے اپنے آپ پر فخر ہے اور اتنا خوش ہوں کہ الفاظ میں بیان بھی نہیں کر سکتا'۔

یاد رہے کہ ارسلان صدیقی نے 2018 سے گیمنگ ٹورنامنٹس میں حصہ لینا شروع کیا اور رواں سال جاپان میں ہونے والا ایوو ٹورنامنٹ بھی جیتا۔

ان کی فائٹ کی ویڈیو ذیل میں ملاحظہ کریں۔