Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

موٹروے پر سی این جی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد

اپ ڈیٹ 04 اگست 2019 07:41am

Untitled-1

اسلام آباد: ڈی آئی جی ایم فور سلطان احمد چوہدری کی ہدایت پر موٹرویز پر ایل پی جی/سی این جی سلینڈر والی پی ایس وی گاڑیوں کی انٹری بند کر دی گئی ہے۔

ایس ایس پی موٹر وے سیکٹر 1 ایم فور چوہدری عطا محمد گجر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا ایل پی جی/سی این جی سلینڈر والی پی ایس وی گاڑیاں کسی بھی وقت حادثے کا شکار ہو سکتی ہیں جس سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ پچھلے کچھ عرصہ سے موٹرویز کے اوپر ایل پی جی اور سی این جی سلینڈر والی پی ایس وی گاڑیوں کے حادثات بڑھ رہے ہیں۔ جس میں درجنوں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہے۔ ان حادثات کو کنٹرول کرنے اور مسافروں کی زندگی کو محفوظ بنانے کیلئے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس سڑک کے اوپر مسافروں کی زندگیوں کو حادثات سے بچانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ یہ قدم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس اے ڈی خواجہ معاملے کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے خود اس معاملہ کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بھی پی ایس وی گاڑیوں میں ایل پی جی اور سی این جی سلینڈر کی تنصیب روک دی گئی ہے اور پہلے سے موجود سلینڈرز کو اتارنے کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسی گاڑیاں جن میں سی این جی سلینڈر یا ایل پی جی سلینڈر موجود ہوں گے ان کو کسی بھی صورت میں موٹروے پر نہیں آنے دیا جائے گا۔ اگر ایسی کوئی گاڑی موٹروے پر پائی گئی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور بھاری جرمانہ بھی کیا جائے گا۔

اس سلسلہ میں تمام ڈی ایس پی صاحبان کو ہدایت جاری کی گئی ہے وہ اپنے اپنے ایریا میں موجود پی ایس ویز کے اڈہ جات پر جائیں اور پی ایس وی مالکان اور منیجرز کو معاملے کی حساسیت کے بارے میں آگاہ کریں، اور انہیں اس بات کا پابند کریں کہ تمام پی ایس وی گاڑیوں سے سی این جی اور ایل پی جی سلینڈر ذ فوری اتار دیں۔

جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس سلسلہ میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔

ایس پی موٹروے عطا محمد چوہدری نے اس سلسلہ میں مسافر حضرات سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنی زندگیوں کو دوران سفر محفوظ بنانے کیلئے اور حادثات سے بچنے کیلئے سی این جی اور ایل پی جی لگی پی ایس وی گاڑیوں میں سفر سے گریز کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کا بھی شکریہ ادا کیا جو اس آگاہی مہم میں موٹر وے پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔