Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

ہوشیار!!! گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کرنے کی منظوری

اپ ڈیٹ 04 اگست 2019 07:41am

Untitled-1

کراچی سندھ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ سندھ کابینہ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن بک کی جگہ اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن بک ختم کر دی جائے گی اور اس کی جگہ کمیوٹرائز اسمارٹ کارڈ جاری کیا جائے گا۔

سندھ کابینہ نے سندھ موٹر وہیکل رولز 1979 میں ترمیم کی منظوری دیتے ہوئے گاڑیوں رجسٹریشن بک جاری کرنے کے بجائے ایم وی آر اسمارٹ کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ کارڈ سیکورٹی فیچرز سے لیس ہو گا جس کی فیس 750 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ڈپلیکیٹ کارڈ کی فیس 800 روپے ہو گی۔

اس کے ساتھ ساتھ سندھ کابینہ نے صوبائی محتسب کے ایکٹ 1991 میں ترمیم منظور کر لی ہے جس کے تحت اب صوبائی محتسب اعلیٰ کی تقرری گورنر سندھ کی بجائے وزیراعلیٰ سندھ کیا کرے گا۔

سندھ حکومت نے اپنے احتساب کیلئے خود مرضی کا شخص چننے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس کے لیے صوبہ سندھ میں قانون بھی مقرر کر لیا ہے۔ اب سندھ میں صوبائی محتسب کا تقرر وزیراعلیٰ سندھ کیا کرے گا جبکہ اس سے پہلے اس تعیناتی کا اختیار گورنر سندھ کے پاس تھا۔

خیال رہے کہ اس وقت مراد علی شاہ سندھ کے وزیر اعلیٰ ہیں جبکہ عمران اسمائیل گورنر سندھ ہیں۔ سندھ کابینہ نے 253 مقامات جن میں مندر، چرچ اور گوردوارے شامل ہیں پر سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پنشنرز کی بائیومیٹرک ہوگی تا کہ ان کی توثیق کی جا سکے اور اگر گھوسٹ پنشنرز ہیں تو انہیں ختم کیا جائے۔ سندھ کابینہ نے اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ نہ کرانے والوں کو آخری مہلت دیتے ہوئے کہا کہ مینئول لائسنس رکھنے والے 31 دسمبر 2019 تک اپنے لائسنسز کو کمپیوٹرائز کروالیں۔