Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

اپنی اپنی فیلڈ میں باعمل مسلمان ہونے سے نہ شرمائیں، معین علی

اپ ڈیٹ 03 اگست 2019 05:40pm

moeenali

انگلینڈ کے مایہ ناز آل راؤنڈر معین علی کا کہنا ہے کہ جب بھی نماز کا وقت ہو تو وہ امپائرز کو بتا کر نماز پڑھنے چلے جاتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک ریڈیو انٹرویو کے دوران 32 سالہ آل راؤنڈر معین علی کا کہنا تھا کہ میرا سب کیلئے یہی پیغام ہوگا کہ آپ اپنی اپنی فیلڈ میں باعمل مسلمان ہونے سے نہ شرمائیں۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ کھبی کبھی جب فیلڈ کے دوران نماز کا وقت ہوتا ہے اور مجھے محسوس ہو کہ اننگز ختم ہونے تک نماز کا وقت ختم ہوجائے گا تومیں امپائرز سے کہہ دیتا ہوں کہ مجھے نماز پڑھنے جانا ہے۔

ایسے میں امپائرز باہر جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ آپ دو، تین اوورز کیلئے باہر جاسکتے ہیں۔

گزشتہ دنوں دیئے گئے اس انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے تجربے سے یہ بات کہہ سکتے ہیں کہ اگر ہم واقعی میں عبادت کرنا چاہیں تو دنیا کی کوئی چیز ہمیں نہیں روک سکتی۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ میری زندگی میں سب سے اہم چیز اسلام ہے اور اس کیلئے میں اپنے کرکٹ کیریئر کو بھی چھوڑسکتا ہوں۔

واضح رہے معین علی انگلش کرکٹ ٹیم کے انتہائی اہم رکن ہیں اور حال ہی میں عالمی کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں۔