بھارت کا ایل اوسی پر شہریوں کونشانہ بنانے کیلئے کلسٹر ٹوائے بم کا استعمال
راولپنڈی: ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کے بعد بھارت آپے سے باہر ہوگیا، بھارت کی جانب سے جنیوا کنونشن اورعالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی سامنے آگئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بھارت ایل اوسی پر شہریوں کو نشانہ بنانے کےلئے کلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کررہا ہے، کلسٹرٹوائے بم سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کوآبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کلسٹر بم یا اس میں بارود کا استعمال عالمی قوانین کے تحت ممنوع ہے، شہریوں پر کلسٹرٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، عالمی برادری کو بھارت کے اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے۔
خیال رہے کلسٹر ٹوائے بم شہریوں کیخلاف تباہ کن ہتھیار ہے، اس بم سے بچوں، گھروں کو خصوصی طور پر نشانہ بنایا جاتا ہے اور یہ بم اپنے ٹارگٹ پر کھلونوں کی شکل میں بکھر جاتا ہے، اس بم سے 40 فیصد بچےنشانہ بنتے ہیں اور اکثر بچے کلسٹر ٹوائے بم کو کھلونا سمجھ کر گھر لے جاتے ہیں۔
کلسٹرٹوائے بم پھٹنے کے بعد بلیڈ کی طرح ہزاروں ٹکڑوں میں پھیلتا ہے، یہ بم بارودی سرنگوں سے زیادہ خطرناک ہیں جبکہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت کلسٹر ٹوائے بم ممنوع ہے۔
یاد رہے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیاں کے حوالے سے کہا تھا خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ناکامی کا نتیجہ ہے، ہر سیز فائر کی خلاف ورزی کا مؤثر جواب دیا جارہا ہے اور دیا جائے گا اور ہر قیمت پر شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائےگا، بھارت جان بوجھ کرشہری آبادی کونشانہ بنارہا ہے۔
Comments are closed on this story.