Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

سینیٹ الیکشن ، بلاول کا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا اعلان

شائع 02 اگست 2019 06:36pm

bilimageee

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ میں پارٹی کے سینیٹروں کے کردار ا ور اس انتخابات کے متعلق ایک پانچ رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی میں اراکین سید یوسف رضا گیلانی، سید نیر حسین بخاری، سعید غنی، صابر بلوچ اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔

یہ کمیٹی اگر ضروری سمجھے گی تو دیگر اراکین کو بھی شامل کر سکتی ہے۔ یہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی استعفوں کے متعلق پارٹی لیڈرشپ کو سفارشات بھی پیش کرے گی۔ جاری بیان میں سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعرات کے روز سینیٹ میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ پر سخت مایوسی کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ وہ اس کی تہہ تک جائیں گے اور جن لوگوں نے اس سلسلے میں گندا کردار ادا کیا ہے انہیں منظرعام پر لائیں گے۔

یہ کمیٹی اس بات کی بھی چھان بین کرے گی کہ متحدہ اپوزیشن کے پاس اکثریت ہونے کے باوجود وہ چیئرمین سینیٹ کو کیوں نہ اٹھا سکی اور جو سینیٹرز غلطی کے مرتکب پائے گئے اور جنہوں نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی انہیں سزا بھی دی جائے گی۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ 26جون کو اسلام آباد میں تمام پارٹیوں نے متفقہ طور پر کیا تھا۔

اس فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے اراکین لئے گئے ہیں۔ پارٹی امید کرتی ہے کہ حزب اختلاف کی دیگر پارٹیاں بھی اپنے سینیٹروں کے متعلق تحقیقات کریں گی۔