Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

ایشز ٹیسٹ کا دوسرا روز: انگلینڈ کی پوزیشن مستحکم

شائع 02 اگست 2019 05:52pm

engbat

برمنگھم: ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز روری برنز کی شاندار سنچری کی بدولت انگلش ٹیم نے چار وکٹوں پر دو سو سڑسٹھ رنز بنالیے، مہمان ٹیم کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید سترہ رنز درکار ہیں۔

برمنگھم ٹیسٹ کا دوسرا روز انگلینڈ نے اپنی اننگز دس رنز سے آگے بڑھائی، جیسن رائے کے آؤٹ ہونے کے بعد روری برنز اور کپتان جو روٹ ڈٹ گئے۔

روٹ نے ففٹی اور پھر برنز نے کیرئیر کی پہلی سنچری داغ دی۔ روٹ ستاون، ڈینلی اٹھارہ اور بٹلر پانچ رنز بناسکے۔

کھیل کے اختتام تک، برنز ایک سو پچیس اور اسٹوکس چھتیس رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیمز پیٹنسن نے دو جبکہ پیٹ کمنز اور پیٹر سڈل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے آسٹریلیا کے 284 رنز کے جواب میں دن کے اختتام پر بنا کسی نقصان کے 10 رنز اسکور کرلئے تھے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 284 رنز اسکور کئے تھے، اسٹیو اسمتھ نے 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ پیٹر سڈل نے انتہائی اہم 44 اور ٹریوس ہیڈ نے 35 رنز اسکور کئے تھے۔

ایک موقع پر آسٹریلیا کے 8 کھلاڑی محض 122 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے تاہم اسٹیو اسمتھ اور پیٹر سڈل نے نویں وکٹ کیلئے 88 اور پھر اسمتھ اور نیتھن لائن نے آخری وکٹ کیلئے 74 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی۔

کینگروز نے آخری 2 وکٹوں پر 162 رنز بناکر میچ میں شاندار واپسی کی۔

انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ نے 5، کرس ووکس نے 3 جبکہ اسٹوکس اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔