Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

ایشز ٹیسٹ کا پہلا روز: علیم ڈار کو کیا ہوا ہے؟

شائع 01 اگست 2019 12:56pm

eng

برمنگھم: انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان آج سے ایشز ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگیا جس کے پہلے سیشن میں کینگروز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 83 رنز اسکور کرلئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو بین کروفٹ نے اینڈرسن کا پہلا اوور میڈن کھیلا، دوسرا اوور کرنے کیلئے اسٹورٹ براڈ آئے تو انہوں نے اپنی پہلی ہی گیند پر وارنر کی ایج حاصل کی اور اسے کیپر بیئراسٹو نے کیچ کیا۔

یہ گیند لیگ اسٹمپ سے باہر تھی جس پر اپیل تو ہوئی مگر امپائر علیم ڈار نے اسے آؤٹ قرار نہیں دیا جبکہ انگلش ٹیم نے ریویو بھی نہیں لیا۔ ری پلے دیکھنے پر معلوم ہوا کہ گیند نے واضح طور پر وارنر کے بلے کا ایج لیا تھا۔

براڈ جب اپنا دوسرا اوور کرنے آئے تو ایک بار پھر انہوں نے وارنر کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی جسے علیم ڈار نے ناٹ آؤٹ قرار دیا مگر اب انگلش کپتان نے فیصلے کو تھرڈ امپائر کی جانب ریفرکردیا تاہم گیند واضح طور پر اسٹمپس کو مِس کررہی تھی جس کی وجہ سے تھرڈ امپائر نے بھی اسے ناٹ آؤٹ ہی قرار دیا۔

اسی اوور میں جب ایک بار پھر براڈ نے وارنر کیخلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی تو علیم ڈار نے اسے آؤٹ قرار دیا اور وارنر بھی فیصلے کو بنا ریویو کئے پویلین لوٹ گئے۔

بعد ازاں جب ری پلے دیکھا گیا تو معلوم ہوا کہ گیند لیگ اسٹمپ کو مِس کررہی تھی، یعنی علیم ڈار اپنے پہلے 3 میں سے 2 فیصلوں میں چُوک گئے۔

پہلے روز لنچ تک آسٹریلیا نے 27 اوورز کے کھیل میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 83 رنز اسکور کرلئے تھے، ٹریوس ہیڈ 26 اور اسٹیو اسمتھ 23 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

واضح رہے علیم ڈار ایشز اور بڑے میچز میں نہایت شاندار امپائرنگ کا ریکارڈ رکھتے ہیں، ان کے فیصلے اس قدر مستند ہوتے ہیں کہ  مخالف کپتان ریویو کرنے سے قبل بھی 100 مرتبہ سوچتا ہے مگر آج وہ اپنے پورے رنگ میں نظر نہیں آئے ہیں۔