Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
08 Rajab 1446  

فرانس اپنے سٹیلائٹ کو مشین گنوں اور لیزر سے مسلح کرے گا

شائع 01 اگست 2019 06:50am

Untitled-1-Recovered

جولائی کے شروع میں فرانس کے صدر امانوئل میکرون  نے فرانس کی خلائی فوج بنانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ خلائی فوج فرانس کے سیٹلائٹس کی حفاظت کیلئے بنائی گئی تھی۔ اب لگتا ہے کہ فرانسیسی اس حوالے سے کافی سنجیدہ ہیں۔ فرانسیسی وزیر دفاع نے ایک ایسے پروگرام کا اعلان کیا ہے جو بندوقوں اور لیزر کے ساتھ  سیٹلائٹس کیلئے نینو ٹیکنالوجی کی بنیاد پر آلات ڈیویلپ کرے گا۔

وزیر فلورین پارلے نے اعلان کیا ہے کہ  اُن کا ملک فوج کے بجٹ میں سے 700 ملین یورو خلائی دفاع کیلئے مختص کر رہا ہے۔ خلائی دفاع پر 2025ء تک 4.3 ارب یورو خرچ کئے جائیں گے۔ یہ رقم فرانس کے ملٹری کمیونی کیشن سیٹلائٹس کو اپ گریڈ کرنے پر خرچ کی جائے گی اور اس کا انتظام فرانسیسی نیوی کے پاس ہوگا۔

فرانسیسی فوج چاہتی ہے کہ نیکسٹ جنریشن کے سیٹلائٹس کیمروں کے ساتھ لانچ کئے جائیں اور اُن سے اگلی جنریشن کے سیٹلائٹس سب مشین گنوں اور لیزر سے مسلح ہوں،  جو حملوں اور دوسرے سیٹلائٹس کو تباہ کر سکیں۔

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وہ  زمین کے مدار میں بے شمار نینو سیٹلائٹس چھوڑنا چاہتے ہیں، جو دفاعی اشیاء کی حفاظت کریں اور گم ہونے والے سیٹلائٹس کو تیزی سے تبدیل کریں۔ رپورٹ کے مطابق فرانسیسی فوج ایسا 2030ء تک کرنا چاہتی ہے۔

پارلے نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد جارحانہ یا دشمن کے سیٹلائٹس کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ موثر دفاع ہے۔