Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

دنیا کا پہلا مکمل اسکرین اسمارٹ فون: نہ کوئی سوراخ نہ کوئی نوچ

شائع 01 اگست 2019 06:21am

Untitled-1-Recovered

 موبائل فون ٹیکنالوجی کی دنیا پر راج کرنے کیلئے جاری مقابلے بازی کے باعث جدت اور نت نئے فیچرز میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ہر روز پچھلے  ڈیزائن اور کوالٹی کا خاتمہ ہوتا ہے اور نئی چیز مارکیٹ میں آجاتی ہے۔

اگر ٹیکنالوجی کے مرہون منت صرف موبائل فون کی بات ہی کر لی جائے تو اس مشین کے دنیا بھر میں لاکھوں ورژن موجود ہیں اور ہر شخص اپنی پسند کے مطابق موبائل خریدتا اور استعمال کرتا ہے۔

اس وقت تمام اسمارٹ فونز کا ڈیزائن لگ بھگ ایک جیسا ہے اور ڈسپلے میں "اسکرین ٹو باڈی ریشو" بھی سو فیصد تک نہیں ہوسکا ہے، کیونکہ نوچ یا دیگر سنسرز کی وجہ سے بیزل دینے پڑتے ہیں۔

مگر ویوو نے مبینہ طور پر اس کا حل ڈھونڈ نکالا ہے اور اسے توقع ہے کہ اس کی بدولت وہ فون کی اسکرین کو بیزل سے مکمل پاک کرسکے گی۔

دی ورج کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایک سوشل میڈیا صارف نے موبائل بنانے والی ایک چینی کمپنی کے نئے کانسیپٹ کے فون کے فرنٹ اور بیک کے گلاس کی تصویر شیئر کی ہے جس میں ایجز 90 ڈگری تک موجود ہیں۔

اس سے پہلے ایک فون میں متاثر کن 91.24 فیصد اسکرین ٹو باڈی ریشو دیا گیا تھا۔ مگر اس موبائل میں ہول اور نوچ کو ختم کرکے وارپ راﺅنڈ گلاس کا استعمال کیا جائے گا اور امکان ہے کہ اسکرین ٹو باڈی ریشو 100 فیصد ہوجائے گا۔

ابھی اس فون کی دیگر تفصیلات سامنے نہیں آئیں اور نہ ہی کمپنی نے اس کی تیاری کا عندیہ دیا ہے۔ ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ اس میں سیلفی کیمرا پوپ اپ شکل میں دیا جائے گا یا اسکرین کے اندر نصب کردیا جائے گا۔

اس فون میں اسنیپ ڈریگن 855+ پراسیسر دیئے جانے کا امکان ہے اور یہ رواں سال کے آخر میں کسی وقت سامنے آسکتا ہے۔ اس کمپنی نے نیکس ڈوئل میں ڈیوائس کے فرنٹ کے ساتھ ساتھ بیک پر بھی ڈسپلے دیا تھا۔ اس کا مقصد فرنٹ اسکرین پر سیلفی کیمرے کی ضرورت کو ختم کرنا تھا، بیک پر اسکرین کو ہی سیلفی کیلئے استعمال کیا جاسکتا تھا۔