Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

پشاور زلمی نے ملک بھر میں اسپورٹس ایونٹس کا آغاز کردیا

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2019 01:41pm

pz

پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ کے پاکستان میں انعقاد سے قبل ملک بھر میں اسپورٹس ایونٹس کا آغاز کردیا۔

پشاور زلمی کا کھیلوں کے فروغ میں ایک اور بڑا قدم، پشاور زلمی اور سیرے فائٹ نائٹ کے مشترکہ اشتراک سے مکسڈ مارشل آرٹس کا گرینڈ ایونٹ تین اگست کو عامر خان باکسنگ ہال اسلام آباد میں منعقد ہوگا، ایونٹ زلمی ٹی وی پر لائیو براڈکاسٹ ہوگا۔

زلمی سپر اسٹارز کامران اکمل اور آندرے فلیچر بھی ایونٹ کے انعقاد پر پرجوش ہیں۔

پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی نے کرکٹ کے بعد دیگر کھیلوں کے فروغ کا بیڑہ اٹھالیا۔ پشاور زلمی اور سیرے فائٹ نائٹ کے مشترکہ اشتراک سے مکسڈ مارشل آرٹس کا بڑا مقابلہ تین اگست کو عامر خان باکسنگ ہال اسلام آباد میں منعقد ہوگا، مقابلے زلمی ٹی وی پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

سیرے فائٹ نائیٹ میں پاکستان بھر سے ٹاپ فائٹرز ان ایکشن ہوں گے۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ کے لیے پشاور زلمی نے سیرے فائٹ نائٹس کے ساتھ پارٹنرشپ قائم کی ہے۔

پاکستان میں پی ایس ایل فائیو کے انعقاد سے قبل زلمی پورے پاکستان میں اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد اور کرکٹ کے علاوہ دیگر کھیلوں کےفروغ میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے، یہ ایونٹ پاکستانی فائٹرز کے لیے صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔

چیئرمین سیرے فائٹ نائٹس سعد خان نے کہا کہ پشاور زلمی برانڈ سے اشتراک کے بعد ہمیں پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ اور نوجوان فائٹرز کو اپنی پہچان بنانے میں مدد ملے گی۔ اس ایونٹ اور پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کو فروغ دینے پر وہ پشاور زلمی اور جاوید آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سیرے فائٹ نائٹس کے سی ای او عمر طور نے کہا کہ ان مقابلوں میں دو خواتین سمیت چھبیس فائٹرز ان ایکشن ہوں گے۔

زلمی سپر اسٹارز کامران اکمل اور آندرے فلیچر بھی ایونٹ کے انعقاد پر پرجوش ہیں اور کہا کہ اس ایونٹ سے مکس مارشل آرٹ کے کھیل کو پاکستان میں فروغ حاصل ہوگا۔

تین اگست کو اسلام آباد میں ہونیوالے اس گرینڈ ایونٹ کی مزید تفصیلات کے لیے پریس کانفرنس دو اگست کو مارگلہ ہوٹلز میں منعقد ہوگی۔ جس کے بعد تین اگست کو عامر خان باکسنگ ہال میں سنسنی خیز مقابلے منعقدہوں گے۔