Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
08 Rajab 1446  

لاہور میں موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی معطل

شائع 28 جولائ 2019 06:51am

``

لاہور: مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

لاہور میں مسلسل بارش کے باعث ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، لارنس روڈ،کوئنز روڈ پر پانی جمع ہو گیا۔ اس کے علاوہ فیروز پورروڈ، فیض روڈ، غازی روڈ، والٹن روڈ، ڈیفنس مین بلیوارڈ، شادباغ، چوک ناخدا اور سرکلر روڈ پر بھی پانی جمع ہو گیا۔

شہر کے مختلف مقامات پر سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شدید بارش کے باعث باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ نکاسی آب کے لیے 117 پمپنگ اور لفٹ اسٹیشن کام کر رہے ہیں جب کہ مختلف مقامات پر نکاسی آب کے لیے 44 مشینیں بھی کام کر رہی ہیں۔ واسا حکام کے مطابق 91 ڈی واٹرنگ سیٹ بھی مختلف مقامات پر کام کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دریائے چناب میں بھی سیلاب کے باعث پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے۔

شیخو پورہ، مری، اوکاڑہ، حجرہ شاہ مقیم، شکر گڑھ سوات اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔

چترال میں بھی شدید بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے جب کہ راجن پور میں کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بارش سے برساتی ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہو گئی ہے۔