Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اپنی ایجاد پر مرتے دم تک افسوس کرنے والے نامور سائنسدان

شائع 28 جولائ 2019 06:40am

``

سائنس دانوں نے دنیا کو کئی عظیم ایجادات فراہم کیں، لیکن کئی نامور موجد ایسے بھی ہیں جنہوں نے اپنی ایجاد کردہ چیزوں کے غلط استعمال کے باعث انہیں بنانے پر شدید افسوس کا اظہار بھی کیا۔

٭ رابرٹ اوپن ہائیمر / البرٹ آئن سٹائن

default

رابرٹ اوپن ہائیمر دوسری عالمی جنگ کے دوران مین ہیٹن پروجیکٹ کے ڈائریکٹر تھے اور یہیں جوہری بم بنانے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ اوپن ہائیمر اور آئن اسٹائن کے باعث ہی جوہری تجربہ کامیاب رہا تھا۔ بعد ازاں دونوں نے جوہری بم کی ایجاد پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اوپن ہائیمر نے بھگوت گیتا سے لیا گیا ایک جملہ کہا، "اب میں موت بن گیا ہوں، دنیا تباہ کرنے والا۔"

٭ میخائیل کلاشنکوف

default

اے کے 47 یا کلاشنکوف کو دنیا میں کون نہیں جانتا۔ دوسری عالمی جنگ کے دوران اسے سوویت انجینیئر میخائیل کلاشنکوف نے تیار کیا تھا۔ انہوں نے بھی اپنی طویل زندگی میں کئی مرتبہ اپنی ایجاد پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایک مرتبہ تو انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا روحانی دکھ ناقابل برداشت ہے۔

٭ الفریڈ نوبل

Alfred Nobel Porträt (Getty Images/Hulton Archive)

نوبل امن انعام شروع کرنے والے الفریڈ نوبل نے دراصل سن 1860 کی دہائی میں ڈائنامائیٹ ایجاد کی تھی۔ ان کے بھائی کی وفات پر اخبار نے غلطی سے ان کی موت کی خبر شائع کر دی اور عنوان رکھا 'موت کے تاجر کی موت'۔ نوبل اخبار میں اپنی موت کی خبر سے زیادہ یہ سوچ کر پریشان ہوئے کہ کیا انہیں یوں یاد کیا جائے گا۔ اس کے بعد ہی انہوں نے امن کا نوبل انعام شروع کیا۔

٭ رائٹ برادران

default

جہاز بنانے والے رائٹ برادران کو کون نہیں جانتا۔ ولبر رائٹ اور اورول رائٹ نے اپنی عمر جہاز بنانے میں صرف کر دی اور آخر انسان کے لیے پرواز کا خواب بھی پورا کر لیا۔ انہوں نے ہوائی جہاز امریکی فوج کو فروخت کیا لیکن پہلی عالمی جنگ میں اپنی ایجاد کی پیدا کردہ تباہی دیکھ کر اورول رائٹ نے بھی دکھ کا اظہار کیا۔

٭ کیمران لوگمان

default

لوگمان سن اسی کی دہائی میں ایف بی آئی کے لیے کام کر رہے تھے اور وہیں انہوں نے پیپر اسپرے کو بطور ہتھیار استعمال کرنے میں معاونت کی۔ انہوں نے پولیس کے لیے پیپر اسپرے استعمال کرنے کا ہدایت نامہ بھی لکھا۔ پیپر اسپرے اب دنیا کے کئی ممالک کی پولیس استعمال کرتی ہے لیکن لوگمان کئی مرتبہ اس کیمیائی مادے کے ’غیر مناسب‘ استعمال پر دکھ کا اظہار کر چکے ہیں۔