Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
08 Rajab 1446  

پکنک پر جانے والی بس کو حادثہ، 3 بچوں سمیت 4 جاں بحق، 20 زخمی

شائع 28 جولائ 2019 05:47am

``

ٹھٹھہ: پکنک منانے کی غرض سے جانے والے کراچی کے شہریوں کی بس الٹ گئی، حادثے میں تین بچوں سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

حادثہ ٹھٹھہ کے علاقے بگھاڑ موری کے قریب اس وقت پیش آیا، جب کراچی سے کلری جھیل جانے والی تیز رفتار بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین بچوں سمیت چار افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا ، حادثے میں بیس افراد زخمی بھی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار افراد اورنگی ٹاؤن کے رہائشی تھے، متاثرہ خاندان درگاہ حضرت جمیل شاھ داتار پیر پٹھو سے حاضری دے کر کلری جھیل جارہے تھے۔

واقعے کے بعد سول اسپتال مکلی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ ڈاکٹرز کو فوری طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ ریشماں، 5 سالہ اسد، 6 سالہ عرفان اور 7 سالہ افشاں کے نام سے ہوئی ہے،جبکہ حادثے میں شدید زخمیوں کو طبی امداد کے بعد  ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا ہے۔