Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان میں سوشل میڈیا ویب سائٹس بلاک کرنے کی سفارش؟

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2019 07:24am

social-media

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین عامر عظیم باجوہ نے حکومت کو سوشل میڈیا ویب سائٹس کو بلاک کرنے کی سفارش کردی۔

یہ سفارش انہوں نے سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کو ایک بریفنگ کے دوران دی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد موجود ہے اور متعدد جعلی اکاؤنٹس پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر ویب سائٹس بیرونِ ملک سے چلائی جارہی ہیں۔

پی ٹی اے چیئرمین نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے پالیسی مرتب کرے اور متحدہ عرب امارات اور چین کی طرز پر سوشل میڈیا کو بلاک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی سوشل میڈیا ویب سائٹس بلاک کرکے مقامی طور پر اسی طرح کی ویب سائٹ متعارف کروائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے انہیں سوشل میڈیا سے متعلق قوانین بنانے کی ہدایت کی تھی جنہیں جلد پیش کیا جائے گا۔

عامر عظیم باجوہ کے مطابق 2010 کے بعد سے 39 ہزار لنکس کو بلاک کیا جاچکا ہے جبکہ آٹھ ہزار سے زائد فخش ویب سائٹس پر بھی بندش عائد کی گئی ہے۔

پی ٹی اے چیئرمین نے مزید کہا کہ گستاخانہ مواد سے متعلق آٹھ ہزار سے زائد شکایتیں موصول ہوچکی ہیں اور 40 ہزار سے زائد ویب سائٹس بلاک کی جاچکی ہیں۔

دوسری جانب ترجمان پی ٹی اے نے سوشل میڈیا ویب سائٹس کی بندش سے متعلق وضاحت کردی ۔

 پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا ویب سائٹس بند کرنے کی کوئی تجویز نہیں دی گئی ۔

 ترجمان کا کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹی میں چیئرمین پی ٹی اے کابیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، چیئرمین پی ٹی اے نے 2012 میں یوٹیوب بلاک کرنے کی مثال دی تھی۔

 ترجمان پی ٹی اے نے کہا کہ 2012 میں سپریم کورٹ کے حکم پر یوٹیوب بلاک کی گئی، گستاخانہ موادبلاک کرنے کیلئے سوشل میڈیا ویب سائٹس سے رابطہ کیاجاتا ہے۔