Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
08 Rajab 1446  

چوبیس ہزار پاکستانی عازمین حج بیمار

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2019 08:28am

hajj

مکہ: پاکستان سے حجاج کرام کا سعودی عرب پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم سعودی عرب پہنچنے والے پاکستانی عازمین حج سے متعلق تشویش ناک خبر موصول ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب پہنچنے والے 24 ہزار عازمین حج بیمار ہوگئے ہیں۔ جبکہ پاکستان حج مِشن کے حکام نے بتایا ہے کہ حج کی غرض سے سعودی مملکت جانے والے 13 پاکستانی مرد و خواتین مکّہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں زیارت کے دوران وفات پا گئے ہیں۔ ان میں گیارہ سرکاری حج اسکیم کے تحت اور دو نجی اسکیم کے تحت آئے تھے۔

حجاز کی مقدس سرزمین پر وفات پانے والے پاکستانیوں کو مکّہ کے الشرائع اور مدینہ کے جنت البقیع کے تاریخی قبرستانوں میں دفن کیا گیا ہے۔

جبکہ جو 24 ہزار عازمین حج بیمار پڑگئے ہیں، انہیں بھرپور طبی امداد و سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہے۔ حج مِشن کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ اب تک پاکستان سے ایک لاکھ 10 ہزارعازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ جن میں سے89 ہزار عازمین سرکاری حج اسکیم جبکہ 31 ہزار نجی حج اسکیم کے تحت مکہ مکرمہ اور جدہ پہنچے ہیں۔

اس وقت پی آئی اے، ایئر بلیو اور سعودی ایئر لائنز عازمین حج کو پاکستان سے سعودی عرب منتقل کر رہی ہیں۔ ان میں سے 32 ہزار پاکستانی عازمین حج پہلے سیدھے مدینہ منورہ پہنچے تھے۔ جہاں اُنہوں نے آٹھ سے نو روز تک قیام کیا اور زیارت مکمل ہو جانے کے بعد اب مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت آنے والے 20 ہزار سے زائد عازمین ابھی مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔ جبکہ اسی اسکیم کے تحت آنے والے 58 ہزار سے زیادہ عازمین حج مکّہ مکرمہ میں ہیں۔ ان میں سے چند ہزار حالیہ دِنوں جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ذریعے براہِ راست مکّہ مکرمہ پہنچے ہیں۔ پاکستانی عازمینِ حج کی معاونت اور رہنمائی کے لیے 416 پاکستانی معاونین اور 9 سو مقامی خدام کو تعینات کیا گیا ہے۔ وہ چوبیس گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔