ہواوے کا پہلا 5 جی فون رواں ماہ متعارف
ہواوے کا پہلا 5 جی اسمارٹ فون میٹ 20 ایکس رواں ماہ متعارف کروایا جاچکا ہے۔
گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ہواوے میٹ 20 ایکس فائیو جی مخصوص ممالک میں اس وقت متعارف کیا جارہا ہے جب چینی کمپنی کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کی تیاری پر غیریقینی صورتحال موجود ہے۔ یہ فون 26 جولائی کو چین میں فروخت کیلئے پیش کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب وینچر بیٹ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہواوے کا پہلا فائیو جی فون اس وقت ایمازون کی اٹالین ویب سائٹ پر دستیاب ہے، جبکہ اب یہ متحدہ عرب امارات میں بھی دستیاب ہے۔
ہواوے میٹ 20 ایکس فائیو جی باہر سے میٹ 20 ایکس سے کافی ملتا جلتا ہے، یعنی 7.2 انچ اسکرین اور بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ، تاہم اس میں بیٹری 4200 ایم اے ایچ کی بجائے 5000 ایم اے ایچ دی گئی ہے، ریم کو 6 جی بی سے بڑھا کر 8 جی بی جبکہ اسٹوریج 128 جی بی سے بڑھا کر 256 جی بی کردی گئی ہے۔
مختلف ممالک میں ہواوے کے اس پہلے فائیو جی فون کی فروخت امریکا کی جانب سے بلیک لسٹ کیے جانے کے باعث غیریقینی صورتحال کا شکار ہے، کیونکہ امریکی پابندی کے باعث گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ لائسنس کا معاملہ چل رہ ہے۔
برطانیہ میں ہواوے نے یہ فون جون میں متعارف کرانا تھا مگر پھر اس فیصلے کو موخر کردیا گیا۔ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ہواوے پر پابندیوں کو نرم کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے مگر ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ چینی کمپنی کے مستقبل کے فون کس حد تک ان نرم پابندیوں سے متاثر ہوں گے۔
امریکی حکام کے مطابق پابندیاں نرم ہونے کے بعد بھی ہواوے کو بلیک لسٹ میں برقرار رکھا جائے گا تاہم اس سے کاروبار کرنے کی خواہشمند امریکی کمپنیوں کو لائسنسز جاری کیے جائیں گے۔
Comments are closed on this story.