نیب کے احکامات، مختلف بینکوں میں شریف خاندان کے 150 اکاؤنٹس منجمد
اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نیب کے احکامات پر مختلف بینکوں نے شریف خاندان کے 150 اکاؤنٹس منجمد کردیئے۔
ذرائع کے مطابق نیب کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے شریف خاندان کے افراد کے اکاؤنٹس کو فریز کیا گیا ہے۔ نیب نے مختلف بنکوں کو خطوط کے ذریعے کے آگاہ کیا تھا کہ شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور شریف خاندان کے دیگر افراد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب تحقیقات کر رہا ہے، لہٰذا نیب آرڈیننس کی سیکشن 23 کے تحت شریف خاندان کے افراد اپنے اثاثہ جات منتقل نہیں کر سکتے۔
دو روز قبل نیب نے کمشنر ہری پور،ایل ڈی اے اور گلیات ڈیویلپمینٹ اتھارٹی کے سربراہان کو بھی عارضی طور پر شریف خاندان کے اثاثوں کی منتقلی روکنے کے لئے مراسلے ارسال کئے تھے۔
ذرائع کے مطابق شریف خاندان فریز کیے گئے اکاؤنٹس کے ذریعے کوئی لین دین نہیں کرسکے گا۔ دوسری جانب نیب لاہور نے نواز شریف اور شہباز شریف کے بھتیجے یوسف عباس شریف کو چوہدری شوگر مل کیس میں 23 جولائی کو طلب کر لیا ہے۔ چوہدری شوگر مل کیس میں نیب شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف تحقیقات کر رہا ہے۔
Comments are closed on this story.