جج ویڈیو اسکینڈل، ایف آئی اے حرکت میں
جج ارشد ملک کی متنازع وڈیو کے معاملے پر ایف آئی اے اسلام آباد کی ملتان اور راولپنڈی میں کارروائیاں۔ ملتان میں وڈیو سکینڈل کے مرکزی ملزم میاں طارق کے دفتر پر چھاپہ، تالے کاٹ کر ریکارڈ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا، راولپنڈی میں ناصر بٹ کے ڈیرے سے اہم دستاویزات قبضے میں لے لی گئیں۔
احتساب عدالت کے جج کی متنازع وڈیو کے معاملے پر ایف آئی اے اسلام آباد نے نے رات گئے ملتان میں سکینڈل کے مرکزی کردار میاں طارق کے شو روم پر چھاپہ مارا۔
دفتر بند ہونے کے باعث ایف آئی اے اہلکاروں نے تالے توڑ کر ریکارڈ اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔
چھاپے سے قبل علاقے کی تمام تر لائٹس بھی بند کر دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے ایک گھنٹے تک دفتر کی جانچ پڑتال کی اور سامان قبضے میں لیا جس کے بعد نئے تالے لگا کر دفتر کو بند کرکے ٹیمیں واپس روانہ ہو گئیں۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے راولپنڈی میں متنازع وڈیو سکینڈل کے ایک اور اہم کردار ناصر بٹ کے ڈیرے پر چھاپا مارا اور اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ناصر بٹ فوٹیج منظرعام پر آنے سے قبل ہی لندن روانہ ہو چکے تھے اور ان کے چھوٹے بھائی حافظ عبداللہ بٹ بھی منظر عام سے غائب ہیں۔
Comments are closed on this story.