Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

کیا انگلش ٹیم 'انشااللہ' کی برکت سے ورلڈکپ جیتی؟

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2019 06:12pm

england

عالمی کپ 2019 کا فائنل نہایت سنسنی خیز ثابت ہوا، یہ میچ پہلے ٹائی ہوا جس کے بعد سپر اوور کے ذریعے میچ کا نتیجہ اخذ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اس میں بھی ٹائی ہوگیا جس کے بعد اننگز میں زیادہ باؤنڈریز لگانے کی بنیاد پر انگلش ٹیم کو فاتح قرار دے دیا گیا۔

اس جیت پر انگلینڈ میں جشن کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کھلاڑیوں کو عشائیے بھی دیئے جارہے ہیں۔

اس جیت پر پاکستان کے سابق آف اسپنر اور موجودہ انگلش ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا ہے کہ ٹیم کی جیت اتحاد کی مرہون منت ہے۔

ورلڈکپ میں فتح کے بعد ثقلین مشتاق کا نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کھلاڑی دیر رات تک لارڈز کے میدان میں جشن مناتے رہے اور وہاں کیوی کھلاڑی بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کھلاڑیوں کے والدین، بیگمات اور دیگر فیملی ممبرز بھی جشن میں شریک ہوئے۔ ہیڈ کوچ کی جانب سے تقریر میں کھلاڑیوں کو کارکردگی کے تسلسل کو ایشز سیریز میں بھی جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بعض کھلاڑیوں نے گانا تیار کیا جسے سب مل کر گاتے رہے، سب نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ انگلش ٹیم کی خاص بات یہ ہے کہ سب کے مذہبی عقائد کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے اور مجھ سمیت معین علی اور عادل راشد کے حوالے سے مکمل احتیاط برتی گئی کہ کوئی ایسا کام نہ ہو جس کی ہمیں ہمارا مذہب اجازت نہیں دیتا۔

ثقلین مشتاق نے مزید کہا کہ میچ کے دوران ڈریسنگ روم میں کھلاڑی 'انشااللہ' بھی کہتے رہے۔

واضح رہے انگلش کپتان اوئن مورگن نے ورلڈکپ کا ٹائٹل جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ مجھے عادل نے بتایا تھا اللہ ہمارے ساتھ تھا اور مجھے بھی اس بات کا یقین ہے کہ 'اللہ ہمارے ساتھ تھا'۔“