Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

کیوی وزیراعظم کا ٹیم کے شاندار استقبال کا فیصلہ

شائع 16 جولائ 2019 03:19pm

pp

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈررن نے اپنی ٹیم کے شاندار استقبال کا فیصلہ کرلیا جس کے سلسلے میں انہوں نے آکلینڈ کے میئر سے بات بھی کرلی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدقسمتی سے مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈکپ کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنے والی کیوی ٹیم کیلئے وزیراعظم کی جانب سے شاندار استقبال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کیوی وزیراعظم نے اس بات کو تسلیم کیا کہ وہ فائنل میچ کے نتیجے سے صدمے میں ہیں اور کیوی مداحوں کا بھی یہی حال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارا یہ حال ہے تو تصور کریں کہ کھلاڑیوں کا کیا حال ہوگا، وہ تو اندر سے ٹوٹ چکے ہوں گے کہ اتنے قریب پہنچ کر وہ دوسری مرتبہ ٹرافی سے محروم رہ گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک شاندار میچ تھا اور انہیں یاد نہیں پڑتا کہ انہوں نے اس سے قبل کبھی ایسا میچ دیکھا ہو۔

آرڈرن نے مزید کہا کہ اس میچ کو تاریخ میں صرف اور صرف شاندار کھیل کی بنیاد پر یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نتیجے کے برعکس میں یہ محسوس کرتی ہوں کہ ہمیں اپنے کھلاڑیوں پر فخر ہے کیونکہ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہت ہی عمدہ کرکٹ کھیلی اور فائنل میں بھی ایسا ہی تھا۔

واضح رہے عالمی کپ 2019 کا فائنل میچ پہلے ٹائی ہوا جس کے بعد سپر اوور کے ذریعے نتیجہ اخذ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم اس میں بھی میچ برابر ہوگیا جس کے بعد میچ میں زیادہ باﺅنڈریز لگانے والی ٹیم انگلینڈ کو فاتح قرار دیدیا گیا۔ اس سے قبل کیویز آسٹریلیا کے ہاتھوں 2015 ورلڈکپ کا فائنل میچ بھی ہار گئے تھے۔