Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

جمی نیشم نے بھارتیوں کے زخموں پر نمک چھڑک دیا

شائع 13 جولائ 2019 12:27pm

neesham

عالمی کرکٹ کپ 2019 کے پہلے سیمی فائنل میں کیویز نے بھارت کو شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کیا تو یہ ہار بھارتیوں سے اب تک ہضم نہیں ہوسکی ہے تاہم اب کیوی آل راؤنڈر جمی نیشم نے بھارتی شائقین کرکٹ کو انتہائی اہم مشورہ دے ڈالا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیوی آل راؤنڈر جمی نیشم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ' اگر آپ ورلڈکپ فائنل میں نہیں آنا چاہتے تو براہِ مہربانی آفیشل پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے ٹکٹ کو بیچ دیں، میں جانتا ہوں ایسے بڑا منافع حاصل کیا جاسکتا ہے لیکن براہِ کرم کرکٹ کے تمام مخلص مداحوں کو دیکھنےکا موقع دیں، صرف امیروں کو ہی یہ موقع نہیں ملنا چاہیئے'۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ بھارتی شائقین کرکٹ اپنی ٹیم کی کامیابی کیلئے اس قدر پر اعتماد تھے کہ فائنل میچ کی فروخت ہونے والی 41 فیصد ٹکٹیں بھی انہوں نے ہی خرید رکھی تھیں۔

اس اثناء میں جب بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی تو مداحوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور متعدد کھلاڑیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارتی ٹیم کے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ فائنل میچ کی ٹکٹیں خریدنے والے بھارتیوں کی اکثریت میچ دیکھنے نہیں جائے گی، ایسے میں کیوی آل راؤنڈر جمی نیشم نے بھارتی مداحوں کیلئے ایسا پیغام جاری کردیا جو ان کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہی ہے۔

واضح رہے عالمی کپ 2019 کا فائنل معرکہ کل بروز اتوار 14 جولائی کو میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم پر کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔