Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

'گوگل ملازمین ہمارے آڈیو میسیجز سُن سکتے ہیں'

شائع 13 جولائ 2019 09:54am
سائنس

Untitled-1

نیویارک: گوگل کمپنی کے اعلیٰ افسر نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے ملازمین صارفین کی آڈیو ریکارڈنگ باآسانی سُن سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گوگل ٹیکنالوجی کے سربراہ نے ایک تقریب کے دوران انکشاف کیا کہ اُن کی کمپنی کے ملازمین گھروں کیلئے متعارف کروائے گئے گوگل ہوم اسسٹنٹ اسمارٹ اسپیکرز کی مدد سے صارفین کی آڈیو ریکارڈنگ سُنتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چونکہ کمپنی کے دنیا بھر میں صارفین موجود ہیں اس لیے گوگل نے مترجم رکھے ہوئے ہیں جو ریکارڈنگ سننے کے بعد اس کا تجزیہ بھی پیش کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ  اینڈرائیڈ اسمارٹ فون اور ہوم اسمارٹ اسپیکرز میں گوگل آرٹیفشل انٹیلی جنس سسٹم نصب کیا گیا، جس کے ذریعے تمام معلومات سرور میں جمع ہوتی ہیں۔

خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گوگل کے ملازمین اُسی وقت صارفین کی ریکارڈنگ سن سکتے ہیں کہ جب اسمارٹ ڈیوائسز انٹرنیٹ سے جڑی ہوئی ہوں، اگر کسی میں انٹرنیٹ سروس نہیں آتی تو سسٹم ڈیوائس تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا۔

گوگل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمارے سسٹم میں کم تعداد میں ایسی ریکارڈنز موجود ہیں جنہیں ماہرین کی مدد سے ٹرانسکرپٹ کیا جاتا ہے، اس کی مدد سے ہم زبانوں کے سسٹم کو مزید مضبوط کررہے ہیں تاکہ صارفین کو مستقبل میں مزید اچھی سروس دے سکیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ دن بھر میں 0.2 فیصد آڈیوز کا انتخاب کیا جاتا ہے اور پھرماہرین اُن پر کام شروع کرتے ہیں۔ گوگل نے صارفین کی یقین دہانی کیلئے یہ بھی وضاحت کی کہ گوگل کے علاقہ کوئی بھی ادارہ، شخص یا ملازم صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا کیونکہ ہمارا سیکیورٹی سسٹم بہت مضبوط ہے اور ماہرین ہر وقت متحرک رہتے ہیں۔