Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

گردن پر گیند لگنے سے 18 سالہ نوجوان کرکٹر جاں بحق

شائع 12 جولائ 2019 04:23pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو شائقین اور کھلاڑیوں کو تفریح فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بے حد خطرناک بھی ہے، یہ کھیل اب تک کئی جانیں نگل چکا ہے جبکہ گزشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی ایک ایسا ہی حادثہ پیش آگیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک مقامی کرکٹ میچ کے دوران گردن پر گیند لگنے سے 18 سالہ نوجوان کرکٹر جہانگیر احمد وار جاں بحق ہوگئے۔

بلے باز جہانگیر احمد وار نے میچ کے دوران ہیلمٹ سمیت تمام حفاظتی سامان پہنا ہوا تھا مگر گردن پر لگنے والی گیند ان کی جان لے گئی۔

جیسے ہی ان کی گردن پر گیند لگی تو وہ شدید زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا تاہم اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ان کی موت واقع ہوگئی۔

ڈاکٹرز نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ جہانگیر احمد وار اسپتال پہنچنے سے قبل ہی انتقال کرچکے تھے۔

مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے جہانگیر کی موت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کیلئے 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ کے روز ٹورنامنٹ کے باقی میچز کا آغاز ہونے سے پہلے مقامی کرکٹ کونسل کی جانب سے جہانگیر احمد وار مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔