Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
09 Rajab 1446  

دوسرا سیمی فائنل: یکطرفہ مقابلے کے بعد انگلینڈ فاتح

شائع 11 جولائ 2019 04:20pm

eng

برمنگھم: عالمی کپ 2019 کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کیخلاف یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے فتح سمیٹ لی۔

تفصیلات کے مطابق 224 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے 33 ویں اوور میں باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، جیسن روئے نے 85 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ جوئے روٹ اور کپتان مورگن نے بالترتیب ناقابل شکست 49 اور 45 رنز کی اننگز کھیلیں جبکہ بیئراسٹو بھی 34 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کینگروز کی جانب سے اسٹارک اور کمنز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم 49 ویں اوور میں 223 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، اسٹیو اسمتھ نے 85 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

اس کے علاوہ ایلکس کیری نے 46، مچل اسٹارک نے 29 اور گلین میکسویل نے 22 رنز اسکور کئے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور عادل رشید نے تین تین، جوفرا آرچر نے دو جبکہ مارک ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کرس ووکس کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا، انگلش ٹیم 27 سال بعد ورلڈکپ کا فائنل کھیلے گی۔

فائنل معرکہ 14 جولائی کو لارڈز کے میدان پر کھیلا جائے گا جس میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں پنجہ آزمائی کریں گی۔