Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
09 Rajab 1446  

دوبارہ الیکشن ہوئے تو پاکستانی کس پارٹی کو ووٹ دیں گے؟

اپ ڈیٹ 10 جولائ 2019 05:29am

Untitled-1

عالمی ادارے گیلپ کے پاکستان چیپٹر کی جانب سے کروائے گئے حالیہ سروے کے نتائج نے سروے کرنے والوں کو بھی حیران کر دیا ہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق اگرچہ اکثر پاکستانیوں نے حکومت کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے، لیکن یہ بھی کہا ہے کہ اگر دوبارہ بھی الیکشن ہوں تو پھر بھی وہ پاکستان تحریک انصاف کو ہی ووٹ دینا چاہتے ہیں۔

یہ سروے گیلپ کی جانب سے جون کے مہینے میں پاکستان میں کروایا گیا اور سروے میں لوگوں سے یہ سوال پوچھا گیا کہ آئندہ جب کبھی انتخابات ہوں گے تو آپ کس جماعت کے نمائندے کو ووٹ دیں گے۔؟

 جواب میں حکمران جماعت تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت کے طورپر سامنے آئی ہے اور اس کیلئے 31 فیصد لوگوں نے پسندیدگی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گیلپ کے عام انتخابات 2018 سے قبل کرائے گئے سروے میں 32 فیصد لوگوں نے پی ٹی آئی کیلئے پسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔

سروے میں دوسرے نمبر پر مسلم لیگ ن رہی جسے 28 فیصد لوگوں نے ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ن لیگ کیلئے عوام کی پسندیدگی میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ الیکشن 2018 سے قبل صرف 24 فیصد لوگ ہی اسے ووٹ دینا چاہتے تھے، لیکن اب ن لیگ کے ووٹ بینک میں 4 فیصد اضافہ ہوگیا ہے اور 28 فیصد لوگوں نے ن لیگ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

گیلپ سروے میں پاکستان پیپلز پارٹی کو 15 فیصد، آزاد امیدواروں کو 6 فیصد، متحدہ مجلس عمل کو 5 فیصد اور دیگر سیاسی جماعتوں کو 15 فیصد لوگوں نے منتخب کرنے کے خیال کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ 2018کے الیکشن میں پاکستان تحریکِ انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی اور پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو ہرا کر پی ٹی آئی نے حکومت بنائی تھی۔