Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
09 Rajab 1446  

اینکر مرید عباس کا مبینہ قاتل عاطف زمان ابھی بھی زندہ ہے

اپ ڈیٹ 10 جولائ 2019 04:50am

Untitled-1

کراچی: مرید عباس کو قتل کرنے والا عاطف زمان ابھی بھی زندہ ہے، عاطف زمان نے اپنے فلیٹ میں خود کو گولی مارلی تھی، تاہم اسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرعلاج ہے

کراچی پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نجی ٹی وی  چینل کے اینکر مرید عباس کو قتل کرنے والا شخص عاطف زمان جاں بحق نہیں ہوا، وہ ابھی بھی زندہ ہے۔ عاطف زمان نے مرید عباس اور اس کے دوستوں کو قتل کرنے کے بعد خود کو بھی گولی مار لی تھی۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عاطف زمان تشویش ناک حالت میں اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ عاطف زمان کو نجی اسپتال میں وینٹیلیٹر پر رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کی جانب سے عاطف زمان کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔

اس حوالے سے مرید عباس کی اہلیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عاطف زمان نامی ایک شخص نے ان کے شوہر کو فون کرکے بلایا تھا۔

انوہں نے بتایا کہ عاطف زمان کا ٹائرز کا کاروبار تھا اور اس نے کئی لوگوں سے پیسے ادھار لے رکھے تھے۔ ان کے شوہر اور عاطف زمان کے درمیان بھی لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ عاطف زمان نے ان کے شوہر سے 50 لاکھ روپے لیے تھے اور رمضان کے مہینے سے پیسے واپس دینے میں بہانے کر رہا تھا۔ اسی معاملے کو لے کر آج عاطف زمان نے مرید عباس کو کال کرکے ملاقات کیلئے بلایا، اور پھر وہاں ان کے شوہر کو قتل کر دیا گیا۔ بعد ازاں عاطف زمان نے بھی گھر جا کر خود کو گولی مار لی۔

اس حوالے سے پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نجی ٹی وی چینل سے وابستہ اینکر مرید عباس اور ان کے دوستوں پر لین دین کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے کے باعث فائرنگ کی گئی جس سے اینکر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اینکر پرسن مرید عباس کو جسم پر کئی گولیاں لگیں اور ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی وہ جان کی بازی ہار گئے۔

جبکہ ان کے 2 دوست بھی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مرید عباس کو فوری ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی جاں بحق ہو چکے تھے۔ جبکہ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا، وہاں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔